کراچی(نمائندہ خصوصی )وزیر بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ بند گلی میں آنے کے بعد پاکستان تحریک انصاف اپنی شرائط پر حکومت سے بات چیت کرنا چاہتی ہے۔ایک بیان میں سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ اسد قیصر کہتے ہیں پہلے قومی اسمبلی تحلیل کریں تو پی ٹی آئی انتخابی اصلاحات پر بات کرے گی، اگر قومی اسمبلی تحلیل ہو گئی تو اصلاحات کون عمران نیازی منظور کرے گا؟انہوں نے کہا کہ فواد چوہدری کہتے ہیں حکومت سے مزاکرات تب ہوں گے جب اسٹیبلشمنٹ بھی ساتھ بیٹھے گی، پی ٹی آئی کا اصل مقصد اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ بیٹھ کر دوبارہ سلیکٹیڈ بننے کی کوشش ہے۔سید ناصر حسین شاہ نے کہاکہ عمران نیازی پارلیمانی نظام کا مخالف اور صدارتی نظام چاہتے ہیں تاکہ کسی کو جوابدہ نہ ہو، جارج آر ویل کے ناول نائنٹین ایٹی فور سے متاثر ہو کر عمران نیازی بگ برادر بن کر عوام سے سوال کرنے کا حق چھیننا چاہتا ہے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ عمران نیازی اقتدار میں واپس آکر جاسوسی کا ایسا نظام لانا چاہتے ہیں تاکہ وہ ہر شخص کی زندگی کو کنٹرول کر سکے۔انہوں نے کہاکہ نیازی جیسے بڑے بیمار ذہن حکمران اس خطے پر مسلط ہوئے لیکن آج وہ تاریخ میں دفن ہیں۔