کراچی (نمائندہ خصوصی) کراچی کے علاقے نیو چالی میں جنریٹر مارکیٹ میں قائم آر کے اسکوائر کی پہلی منزل پر آگ لگ گئی جس کے نتیجے میں ایک شخص آگ سے جھلسنے اور دم گھٹنے سے جاں بحق اور 3افراد بیہوش ہوگئے جنہیں ابتدائی طبی امداد کیلئے اسپتال منتقل کردیا گیا۔ اس دوران خواتین سمیت 43 افراد کو ریسکیو بھی کرلیا گیا۔ایدھی حکام کے مطابق رضاکاروں نے ریسکیو آپریشن کیا اور بے ہوش ہونے والے افراد کو ایدھی ایمبولینس کے ذریعے سول اسپتال ٹراما سینٹر منتقل کردیا۔جاں بحق ہونے والے 46 سالہ شخص کی شناخت علی اصغر ولد برہان الدین کے نام سے ہوئی ہے،مرنے والا شخص اسی عمارت میں کام کرتا تھا جبکہ بےہوش ہونے والوں میں 28 سالہ رتی لال، 25 سالہ ارسلان اور 23 سالہ آصف مسیح شامل ہیں۔پولیس سرجن ڈاکٹر سمیہ سید نے بھی تصدیق کی کہ ایک لاش سول ہسپتال کراچی لائی گئی ہے جو تقریبا مکمل طور پر جل چکی ہے۔فائربریگیڈحکام کے مطابق آگ بجھانے کے عمل میں 10 فائر ٹینڈرز، ایک اسنارکل اورباﺅزر نے حصہ لیا۔فائر بریگیڈ کی جانب سے آگ بجانے کی کوششوں کے دوران آگ بڑھنے کے خدشے کے پیش نظر اطراف کی عمارتوں کو بھی خالی کروا لیا گیا تھا۔ آتشزدگی کی وجہ کا تاحال تعین نہیں کیا جا سکا، تاہم ابتدائی اطلاعات کے مطابق آگ لگنے کی وجہ شارٹ سرکٹ بتایا گیا ہے۔ عینی شاہدین کے مطابق جلتی عمارت سے نکلنے والا دھواں کئی کلومیٹر دور سے نظر آ رہا تھا۔آگ لگنے کے وقت عمارت میں کئی افراد پھنسے ہوئے تھے، جنہیں ریسکیو اہل کاروں نے شیشے توڑ کر عمارت میں داخل ہوکر بچایا۔ فائر بریگیڈ حکام کے مطابق آگ پر قابو پائے جانے کے بعد عمارت میں کولنگ کا عمل جاری ہے۔چیف فائر آفیسراشتیاق کے مطابق آگ عمارت کی تیسری منزل پرلگی تھی جو پھیل کر10ویں منزل تک پہنچ گئی ۔ میٹھادر پولیس کے ایس ایچ او خان محمد بھٹی نے واقعے کی تفصیلات بتاتے ہوئے بتایا کہ آر کے اسکوائر کی آخری اور دسویں منزل پر آگ لگنے سے ایک شخص جاں بحق جبکہ 3 زخمی ہو گئے، زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ایس ایچ او نے بتایا کہ یہ بنیادی طور پر تجارتی عمارت تھی جہاں کئی دفاتر موجود ہیں، کچھ پھنسے ہوئے افراد کو ریسکیو سروسز کی مدد سے نکالا جا رہا ہے۔انہوں نے دعوی کیا کہ آگ پر قابو پالیا گیا ہے لیکن کولنگ کا کام جاری ہے، عمارت کو اچھی طرح چیک کرنے اور کلیئر کرنے میں زیادہ وقت لگ سکتا ہے۔دریں اثنا وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے جنریٹر مارکیٹ میں آگ لگنے کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے کمشنر کراچی کو ہدایات جاری کی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آگ بجھانے کے ساتھ پھنسے ہوئے لوگوں کو بحفاظت نکالنے کا بہتر انتظام کیا جائے اور جانی و مالی نقصان کو کنٹرول کرنے کی کوشش کی جائے۔ وزیراعلی نے واقعے کی رپورٹ بھی طلب کرلی ہے۔