لاڑکانہ( رپورٹ محمد عاشق پٹھان) لاڑکانہ پولیس نے تین ماہ کے دوران 60 سے زائد جرائم پیشہ افراد کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے 41 موٹر سائیکلیں، 21 موبائل فونز، بھاری مقدار میں منشیات اور بھاری تعداد میں اسلحہ برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے، اس حوالے سے اے ایس پی عتیق الرحمان میکن نے ایس ایس پی آفس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ لاڑکانہ پولیس تین ماہ کے دوران ضلع بھر میں جرائم پیشہ افراد کے خلاف جامع کارروائیاں کرکے اس عرصے کے دوران موٹر سائیکلوں اور موبائل فونز چھیننے کی وارداتوں میں ملوث 60 سرگرم جرائم پیشہ افراد کو گرفتار کرکے 5 گینگ کا سراغ لگانے کے بعد ان کے قبضے سے 41 موٹر سائیکلیں اور 21 موبائل فون برآمد کیے گئے ہیں، انہوں نے کہا کہ لاڑکانہ پولیس نے مقابلوں میں بین الاضلاعی جرائم میں ملوث 4 ڈاکو ہلاک اور 16 کو زخمی حالت میں گرفتار کر کے ان کے قبضے سے ایک رائفل، 58 پستول، 4 ریوالور اور 13 شارٹ گنز برآمد کرلیں، انہوں نے کہا کہ آئی جی سندھ، ڈی آئی جی اور ایس ایس پی لاڑکانہ کی خصوصی ہدایات پر منشیات فروشوں کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے 45 منشیات فروشوں کو گرفتار کر کے 33 کلو چرس، 463 کلو گٹکا اور 1068 شراب اور بیئر کی بوتلیں برآمد کرکے مختلف تھانوں پر 45 مقدمات درج کیے گئے ہیں، انہوں نے کہا کہ ولید محلہ سے دو افراد کے اغوا کی خبر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی جس پر ایس ایس پی نے لواحقین سے رابطہ کر کے انہیں ممکن تعاون کی یقین دہانی کروائی ہے۔