راولپنڈہ(نمائندہ خصوصی) پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) نے بتایا ہے کہ سیکیورٹی فورسز نے اہم آپریشن کے دوران انتہائی مطلوب دہشت گرد کو گرفتار کر لیا ہے۔آئی ایس پی آر کے مطابق انٹیلی جنس آپریشن میں ہائی ویلیو ٹارگٹ گلزار امام عرف شمبے کو گرفتار کیا گیا ہے جو عسکریت پسند کالعدم تنظیم بلوچ نیشنل آرمی کا بانی اور رہنما ہے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ نے بتایا کہ بلوچ نیشنل آرمی (بی این اے) بلوچ ریپبلکن آرمی اور یونائیٹڈ بلوچ آرمی کے انضمام سے وجود میں آئی تھی۔آئی ایس پی آر کے مطابق بلوچ نیشنل آرمی پنجگور اور نوشکی میں قانون نافذ کرنے والے اداروں پر حملوں میں ملوث ہے اور پاکستان میں درجنوں پرتشدد دہشت گرد حملوں کی ذمے دار ہے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ کے مطابق گلزار امام 2018ءتک بلوچ ریپبلکن آرمی میں براہمداغ بگٹی کا نائب بھی رہا، وہ بلوچ راجی آجوئی سنگر کی تشکیل میں بھی اہم کردار ادا کرتا رہا۔آئی ایس پی آر نے بتایا ہے کہ گلزار امام بلوچ راجی آجوئی سنگر کا آپریشنل سربراہ بھی رہا ہے، اس کے افغانستان اور بھارت کے دورے بھی ریکارڈ پر ہیں۔پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ کے مطابق گلزار امام کو مکمل منصوبہ بندی کے ساتھ ایک کامیاب آپریشن کے بعد گرفتار کیا گیا ہے۔آئی ایس پی آر نے بتایا کہ گلزار امام عرف شمبے کے دشمن انٹیلی جنس ایجنسیوں کے ساتھ روابط کی چھان بین کی جا رہی ہے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ کے مطابق گلزار امام کی گرفتاری بی این اے اور دیگر عسکریت پسند گروپوں کے لیے بڑا دھچکا ہے۔