اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) پاکستان مسلم لیگ (ن )کے سینیٹر مشاہد حسین سید نے کہاہے کہ اداروں سے لڑائی جیتی نہیں جاسکتی، جب مودی کو مذاکرات کی پیشکش کرسکتے ہیں تو آپس میں کیوں بات نہیں کرسکتے؟۔ جمعہ کو سینیٹ اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے سینیٹر مشاہد حسین نے حکومت کو پی ٹی آئی سے مذاکرات اور آئین کے مطابق الیکشن کرانےکا مشورہ دےدیا۔سینیٹر مشاہد حسین نے کہا کہ حکومت پی ٹی آئی سے آئین اور شیڈول کے مطابق الیکشن کے رول آف گیمز طے کرے، حکومت اور پی ٹی آئی غیر ضروری لڑائیوں سے گریز کریں، انتخابات کےلئے آئین پر عمل تو کرنا ہوگا، یہی حل ہے۔(ن )لیگی سینیٹرنے کہاکہ ہم سپریم کورٹ سے اور پی ٹی آئی فوج سے غیر ضروری لڑائی میں مصروف ہیں، پاکستان کے اندر قومی اتحاد کی ضرورت ہے، مودی کو مذاکرات کا کہتے ہیں، طالبان سے بات کرنے کو تیار ہیں تو پی ٹی آئی سے کیوں نہیں؟ ملک کےلئے اندرونی معاملات پر بات چیت کرنا ہوگی،کبھی کسی پر الزام لگا رہے ہیں کبھی کسی پر۔انہوںنے کہاکہ میں چین سے واپس آیا ہوں وہ ہمارے بہترین شراکت دار ہیں، چین کا کہنا ہےکہ وہ ان حالات میں بھی پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں۔