اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)وفاقی وزیر اور ترجمان پیپلزپارٹی پارلیمنٹرینز شازیہ مری نے کہا ہے کہ600 مالی سہولت کاروں میں تین ارب ڈالر کی تقسیم میگا اسکینڈل ہے ۔ جمعہ کو عمران دور میں سہولت کاروں میں 3 ارب ڈالر کی بندر بانٹ پر شازیہ مری نے کہاکہ 600 مالی سہولت کاروں میں تین ارب ڈالر کی تقسیم میگا اسکینڈل ہے ۔ انہوںنے کہاکہ عمران نیازی کی وجہ سے ملک کی معیشت میں سونامی آیا، عمران نیازی نے ملک کا وہ حشر کیا جو پاگل بیل کانچ کے گھر کا کرتا ہے۔ شازیہ مری نے کہاکہ عمران نیازی کی لوٹ مار کی وجہ سے آج حکومت ایک ارب ڈالر کیلئے آئی ایم ایف سے رجوع کر رہی ہے۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ ایک نالائق لاڈلے کو ملک پر مسلط کیا گیا جس نے ہر سمت تباہی مچائی، پندرہ پندرہ ارب روپے کا انٹرسٹ فری قرض دیا گیا کیا، ان کے باپ کا پیسہ تھا؟ ۔ انہوںنے کہاکہ معیشت کو تباہ کرکے ملک کو بدحال کرنا عمران نیازی کا ایجنڈا رہا ہے۔ شازیہ مری نے کہاکہ عمران نیازی سے وہ تین ارب ڈالر ریکور کرکے قومی خزانے میں جمع کئے جائیں۔