کراچی(نمائندہ خصوصی) گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے بری امام درگار اسلام آباد پر حا ضری دی ، فاتحہ خوانی کی اور ملک کی ترقی و خوشحالی کے لئے دعا بھی کی۔بعد ازاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان معاشی و معاشرتی مسائل سے دوچار ہے، اللہ تعالی سے دعاگو ہیں کہ وطن عزیز کو آزمائشوں سے نکالے، کیونکہ مہنگائی کے طوفان نے سب کو غریب کر دیا ہے جبکہ ملکی حالات سے عوام میں مایوسی کے بادل چھائے ہوئے ہیں ، گورنر سندھ نے کہا کہ ہم نے گورنر ہاﺅس کراچی کے دروازے عوام کیلئے کھول دیئے ہیں، انہوں نے مزید کہا کہ سب لوگ سیاست کو بالائے طاق رکھیں اور آگے بڑھیں، ہمیں ملکی مسائل کے حل کیلئے مذاکرات کی میز پر آنا ہو گا۔ کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ آج مولانا فضل الرحمان سے ملاقات ہوئی اور ملکی صورتحال پر بات ہوئی، اس کے علاوہ آج گورنر خیبر پختونخوا سے بھی تفصیلی بات ہوئی ہے، گورنر سندھ نے کہا کہ پاکستان کو بچانے کیلئے میں ہر شخص کے پاس جانے کو تیار ہوں ۔ گورنر سندھ نے کہا کہ اس ملک میں پانچ لوگ مل کر بیٹھیں تو پانچ دن میں حالات ٹھیک ہو جائیں گے، ہمیں مل کر ملکی مسائل کے حل کیلئے کوشش کرنی ہے۔ گورنر سندھ نے کہا کہ یقین سے کہتا ہوں کہ ملک میں گیس بڑی مقدار میں موجود ہے، انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ہر چیز کسی نہ کسی مافیا کے کنٹرول میں ہے ، اس حوالے سے میڈیا ہی لوگوں میں ذمہ داریوں کا شعور بیدار کرتی ہے، انہوں نے کہا کہ ہمیں پاکستان کے عوام کی مشکل صورتحال کا صحیح احساس نہیں ہے، ملک میں ڈالر نہ ہونے سے بیروزگاری بڑھ رہی ہے۔ کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ سیاسی لوگ ہی افہام و تفہیم کا راستہ نکال سکتے ہیں، ہمیں مل کر مسائل کے حل اور سمت تلاش کرنی ہے ، گورنر سندھ نے کہا کہ منصب سنبھالنے کے بعد میں اپنے کام سے مطمئن ہوں، کیونکہ کام کرنے کیلئے اختیارات کی بجائے کردار کی ضرورت ہوتی ہے۔