گمبٹ/ خیرپور( نمائندہ خصوصی)پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین و وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے گمبٹ میں پاکستان کے پہلے پھیپڑوں کی پیوندکاری کے شعبے کی افتتاح اور ملک کی پہلی ہیلتھ سٹی اور ادویات کے یونٹ کے سنگ بنیاد رکھ دیا ہے۔پیر عبدالقادر شاہ جیلانی انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنس گمبٹ میں نئے منصوبوں کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے، پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ حکومتِ سندھ نے ایک عالمی معیار میڈیکل انفراسٹرکچر کھڑا کردیا ہے، جو دیگر صوبوں سے بہت آگے ہے۔ انہوں نے کہا کہ گمبٹ انسٹیٹیوٹ صوبائی نہیں بلکہ حقیقی معنوں میں ایک قومی ادارہ ہے، جہاں دیگر صوبوں کے علاوہ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے مریض بھی علاج کے لیے آتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ سندھ اور حکومتِ سندھ کی اتنی کردار کشی کی گئی ہے، کہ لوگوں کو گمبٹ جیسے اداروں کے قیام اور کارکردگی پر بھی اعتبار ہی نہیں آتا۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ اگر سیاسی جماعتوں کو اسپیس دیا جاتا اور نفرت، تقسیم و گالی کی سیاست کے بجائے ڈلیوری، نظریے اور منشور کی سیاست کی بنیاد پر مقابلہ ہوتا، تو یہ ملک و قوم کے لیے مفید تھا۔ انہوں نے کہا کہ افسوس ہے کہ یہاں طاقتور طبقے نے ہر نسل کے ساتھ کھیلا ہے۔ انہوں نے تاریخی حوالے دیتے ہوئے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو ملک کو عالمی قوت بنانے جا رہے تھے اور ان کے دور میں دنیا کے آگے ایک ایسا پاکستان تھا جو بڑی بڑی طاقتوں کے درمیان صلح کرواتا تھا۔ انہوں نے کہا کہ جب شہید محترمہ بینظیر بھٹو وزیراعظم تھیں، تو دنیا کے وزرائے اعظم اور صدور پاکستانی وزیراعظم کے پیچھے دوڑتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ جب شہید محترمہ بینظیر بھٹو ملک کی قیادت کر رہی تھیں، تو ہیلری کلںٹن جیسی شخصیات بھی ان کا ایک سگنیچر لینے کے لیے قطار میں کھڑی ہوکر انتظار کرتی تھیں۔ پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ صدر آصف علی زرداری ملک کے سب سے زیادہ طاقتور سویلین صدر تھے، لیکن انہوں نے اپنے تمام اختیارات پارلیمان کے دے دیے۔ آج دیکھ رہے ہیں کہ چیف جسٹس اپنے اختیارات اپنے برادر ججز کے ساتھ شیئر کرنے کے لیے تیار نہیں ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری جو پاکستان کی معیشت کا سنگ میل ہے، اس کی بنیاد کی بنیاد صدر آصف علی زرداری نے رکھی تھی۔ تاریخی پسمنظر پیش کرنے کے بعد پی پی پی چیئرمین نے سوال کیا کہ ان تمام خدمات کے جواب میں انہیں کیا دیا گیا؟ اس سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اِن ہی عدالتوں نے قائدِ عوام کو پھانسی کی سزا دی اور آج تک کسی جج کو شرم نہیں آئی کہ قائدِ عوام سے انصاف کرے۔ پورے پاکستان کو لیکچر دیتے ہیں کہ کون کرپٹ اور کون سسیلین مافیا ہے۔ یہاں ہمارے لاڑکانو میں آکر جج کو تھپڑ مارتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے بعد، میں خود ان ہی عدالتوں کو جا کر درخواست دی کہ میں قائدِ عوام کا نواسہ ہوں، آپ کے سامنے زیرالتوی صدارتی ریفرنس کا حصہ بننا چاہتا ہوں اور آپ کیس سنو۔ آج تک کسی جج نے شہید ذوالفقار علی بھٹو کا کیس نہیں سنا۔وزیر خارجہ نے نشاندھی کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ چیف جسٹس جب لاہور ہائی کورٹ کے چیف جسٹس تھے، تو انہوں نے چھوٹے صوبوں کے حقوق کو نظرانداز کرتے ہوئے، کالاباغ ڈیم تعمیر کرنے کا حکم دیا تھا۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو بھی شہید ہوگئیں، لیکن آمروں سے مِل کر ملک پر حکومت کرنے والے ججز نے انصاف نہیں دیا۔ انہوں نے کہا کہ آج سابق اسٹیبلشمینٹ سمیت سب تسلیم کرتے ہیں کہ انہوں نے آئین و جمہوریت پر ڈاکہ مارکر غیرآئینی طریقے سے عمران خان کو قوم پر مسلط کیا۔ کیا اس وقت ان ہی ججز کو کچھ نظر نہیں آیا؟ جب فریال تالپور کو اسپتال کے بیڈ سے اٹھاکر جیل میں قید کیا گیا تھا، تو اس وقت بھی ازخود نوٹس کہاں تھا؟ اس وقت بھی ازخود نوٹس کہاں تھا جب عمران خان آئی ایس آئی کو استعمال کرکے اپنی حکومت بنا رہا تھا اور بجٹ منظور کروا رہا تھا؟ پی پی پی چیئرمین نے خبردار کیا کہ تخت لاہور کی لڑائی پورے ملک کو ڈبو سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں نے سسٹم کو چلانے اور اس امید پر شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے کیس اور نہ ہی قائدِ عوام کے عدالتی قتل کے معاملے پر انصاف نہ دینے پر بھی کبھی سخت الفاظ استعمال نہیں کیے کہ شاید خود سوچیں۔ لیکن اب میں سمجھتا ہوں کہ صرف شریف ہو کر سیاست کی تو ہماری آنے والی تین اور نسلیں بھی قائدِ عوام اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے لیے انصاف کا مطالبہ کرتی رہیں گی۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ایک جمہوری و نظریاتی پارٹی ہے، اور منشور کی سیاست کرتی ہے، لیکن ہم اب پردہ نہیں رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اگر کسی ادارے میں چند لوگ ضد پر اتر آئے ہیں کہ انہیں سیاست کھیلنا ہے، تو پھر وہ تیار کر لیں۔ ہمیں معلوم ہے کہ سیاست کیسے کی جاتی ہی اور ہر غیر جمہوری وار کا جواب دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم جانتے ہیں کہ پاکستان کو ون یونٹ بنانے کا پلان، اٹھارویں ترمیم کو رول بیک کرنے، اور صوبوں کے حقوق سلب کرنے کا پلان جو سلیکٹڈ کے نام پر ہم پر مسلط کیا گیا، آج بھی اسی ڈاکٹرائین کے چاہنے والے ہر ادارے میں موجود ہیں۔ جب ہم نیوٹرل نیوٹرل کھیل رہے تھے، وہ اپنے خان کے لیے سازشیں پکا رہے تھے۔ انہوں واضح کیا کہ ہم پاکستان کے عوام کے سامنے اس ٹولے کی سازش کو عوام کے سامنے بے نقاب کرنے کے لیے تیار ہیں۔ پی پی پی چیئرمین نے وزیراعلی سندھ کو ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ حکومتِ سندھ اپنے عوامی مینڈیٹ کے تحت اپنی ذمیداریاں اور کام جاری رکھے۔ انہوں نے کہا کہ وہ خود تخت لاہور میں بیٹھ کر غیر جمہوری قوتوں اور کٹھ پتلیوں کو جواب دیں گے۔ اس موقعے پر وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ، وفاقی وزیر سید خورشید شاہ، سابق وزیراعلی قائم علی شاہ اور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔