کراچی(نمائندہ خصوصی) محکمہ موسمیات کی جانب سے کراچی میں آئندہ 3 روز میں گرمی پڑنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق شہرِ قائد میں ہواﺅں میں تبدیلی سے کراچی میں7 اپریل سے گرمی کی شدت میں اضافہ ہوگا۔محکمہ موسمیات کے مطابق دن بھر شہر میں تیز دھوپ کا راج رہے گا، یہی وجہ ہے کہ گرمی معمول سے زیادہ محسوس ہوگی۔کراچی میں دن میں شمال مشرق سے ہوائیں چلتی رہیں گی، جبکہ شام میں سمندری ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات نے بتایا ہے کہ جمعرات کو درجہ حرارت 34 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ جمعے کو 34 سے 37ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے اور گرمی کا زور چار روز تک برقرار رہے گا۔