اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے صوبائی محتسب بلوچستان، نذر محمد بلوچ نے ملاقات کی جس میں صوبائی محتسب بلوچستان نے صدر مملکت کو ادارے کی رپورٹ برائے سال 2021 پیش کی۔ صدر مملکت نے کہاکہ سرکاری اداروں کی بدانتظامی کے خلاف عوامی شکایات کا فوری ازالہ ضروری ہے ۔صدر مملکت نے کہاکہ وفاقی اور صوبائی محتسبین فراہمی ِانصاف میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ محتسبین کی خدمات زیادہ لوگوں تک پہنچانے کیلئے انہیں مضبوط بنانا ناگزیر ہے۔ انہوںنے کہاکہ دہلیز پر فراہمی ِانصاف کیلئے محتسب کی رسائی کودور دراز علاقوں تک بڑھانا چاہیے۔ انہوںنے کہاکہ صوبائی محتسب عوامی اعتماد برقرار رکھنے کیلئے اپنے فیصلوں پر بروقت عمل درآمد یقینی بنائیں ،بلوچستان کے عوام کو محتسب کے کردار بارے آگاہی دینے کیلئے موثر آگاہی مہم شروع کی جائے۔ صوبائی محتسب نے صدر مملکت کو 2021 میں ادارے کے کردار اور کارکردگی کے بارے میں بتایا اور کہاکہ چارج سنبھالنے کے بعد رجسٹرڈ شکایات کی تعداد دوگنا ہو گئی ۔ صوبائی محتسب بلوچستان نے کہاکہ صوبائی محتسب کو 2021 میں 1321 شکایات موصول ہوئیں ، 2021 میں 1043 شکایات کا ازالہ کیا گیا۔ نذر محمد بلوچ نے کہاکہ زیادہ تر شکایات تعلیم اور صحت کے محکموں سے متعلق تھیں، بلوچستان کے 7 مختلف اضلاع میں عوامی سہولت کیلئے کھلی کچہریاں بھی منعقد کی گئی۔