کراچی( نمائندہ خصوصی) وزیراعلی سندھ کے معاون خصوصی سینیٹر وقار مہدی نے ڈپٹی کمشنر کورنگی محمد علی زیدی کے ہمراہ کورنگی کراسنگ اور شاہ فیصل کالونی عیدگاہ گراؤنڈ میں قائم کئے گئے رمضان بچت بازاروں کا دورہ کیا اور حکومت سندھ کی جانب سے طے کیے گئے روزمرہ استعمال کی اشیاء خردونوش مثلا” آٹا چینی تیل گھی ڈال چاول پھل، سبزیوں گوشت دودھ اور مرغی کے ریٹ چیک کیے اور وہاں موجود صارفین سے ملاقاتیں بھی کیں اور صارفین نے حکومت سندھ کے اقدامات کی تعریف کی، ان دونوں بچت بازاروں میں میں روز مرہ کی چیزیں گورنمنٹ ریٹ پر وافر مقدار میں مہیا کی جارہی ہیں. یہاں دس کلو آٹے کا تھیلا گیارہ سو پچاس روپے کی رعایتی قیمت پر فروخت کیا جا رہا ہے آلو 40 روپے کلو, پیاز 86 روپے کلو, ٹماٹر 60 روپے کلو, مرغی کا گوشت 550 روپے کلو, گائے کا گوشت 600 روپے کلو جب کہ دودھ 180 روپے کلو فروخت کیا جا رہا ہے . اس موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے وقار مہدی نے کہا کہ بچت بازاروں میں مارکیٹ ایسوسی ایشن اور بڑے سوپر اسٹورز کے اشتراک سے لوگوں کو مارکیٹ سے کم ریٹ پر روز مرہ کی اشیاء فراہم کی جارہی ہیں. یہاں بہت سی چیزیں سرکاری نرخ سے بھی کم ریٹ پر مہیا کی جا رہی ہیں. انہوں نے کہا کہ افسوس کے ساتھ کہنا پڑ رہا ہے کہ پوری دنیا میں تہواروں پر سیل لگائی جاتی ہے جبکہ ہمارے یہاں ناجائز منافع خور دام ڈبل کر دیتے ہیں ایسے منافع خوروں کے خلاف ڈپٹی کمشنرز اور اسسٹنٹ کمشنرز کارروائیاں کررہے ہیں اور ان پر بھاری جرمانے بھی عائد کیے جاریے ہیں اسی لیے ہماری پوری کوشش ہے کہ رمضان کے اس بابرکت مہینے میں لوگوں کو کم سے کم ریٹ پر چیزیں میسر ہوں اور لوگ اس سے مستفید ہو سکیں. انہوں نے کہا کہ میری عوام سے اپیل ہے کہ لوگ کہیں سے بھی سامان خریدیں سرکاری لسٹ ضرور چیک کر کے سرکاری نرخ کے حساب سے سامان لیں اور کسی بھی شکایت کی صورت میں ڈپٹی کمشنر کے دفتر میں قائم شکایت سیل میں شکایت درج کرائے تاکہ شکایات کا ازالہ کیا جا سکے. اور منافع خوروں کے خلاف ایکشن لیا جاسکے اس موقع پر ان کے ہمراہ ڈسٹرکٹ کورنگی کے صدر جاوید شیخ, انفارمیشن سیکرٹری جانی میمن، کوثر عابدی، ڈاکٹر طاہر، رحمان باجوہ، سیلم اعوان اور اسسٹنٹ کمشنرز اور افسران بھی موجود تھے.