اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) پاکستان میں تعینات آسٹریلوی ہائی کمشنر نیل ہاکنز نے گزشتہ روز وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے فنانس ڈویژن میں ملاقات کی۔ ترجمان وزارت خزانہ کے مطابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے آسٹریلوی ہائ کمشنر کو فنانس ڈویژن آمد پر خوش آمدید کہا اور دونوں ممالک کے درمیان دوستانہ تعلقات کو اجاگر کیا۔
اعلامیہ کے مطابق دونوں اطراف نے دونوں ممالک کے مابین دو طرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا اور تجارت، سرمایہ کاری اور معیشت کے شعبوں میں دو طرفہ تعلقات کے فروغ پر غور کیا گیا۔
وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے نیل ہاکنز کو ملک کی موجودہ معاشی صورتحال سے آگاہ کیا اور عوام کی معاشی اور سماجی فلاح و بہبود کے لئیے حکومت کی جانب سے پالیسی اصلاحات کے بارے میں آگاہ کیا۔ وزیر خزانہ نے پاکستان میں حالیہ سیلاب کی تباہ کاریوں سے نمٹنے کے لئے آسٹریلوی امداد اور حمایت کو سراہا۔ اس موقع پر نیل ہاکنز نے وزیر خزانہ کو بتایا کہ آسٹریلیا کی جانب سے اعلان شدہ تمام رقم پاکستان کے حوالے کر دی گئی ہے۔
وفاقی وزیر خزانہ نے اس موقع پر آسٹریلوی ہائ کمشنر نیل ہاکنز کو پاکستان اور عالمی مالیاتی ادارے (آئ ایم ایف) کے درمیان جاری مذاکرات میں پیشرفت پر بھی آگاہ کیا۔
اس موقع پر نیل ہاکنز نے رمضان کے مبارک مہینے پر وزیر خزانہ کو مبارک باد پیش کی اور پاک آسٹریلیا گہرے وسیع دو طرفہ تعلقات کے بارے میں اپنے خیالات کا اظہار کہا۔ اس موقع پر انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری کے شعبہ میں تعاون کو مزید فروغ دینے پر بھی دلچسپی کا اظہار کیا گیا۔