اسلام آباد ( نمائندہ خصوصی )پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق وزیر مملکت فرخ حبیب نے کہا ہے کہ ملک کی معاشی صورتحال انتہائی خراب ہو چکی ہے اور عوامی مشکلات میں اضافہ ہو رہا ہے۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوںنے کہا کہ بجٹ سے قبل پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھائی گئیں، بجلی کی قیمت میں 8 روپے جبکہ پیٹرول کی قیمت میں 60 روپے کا اضافہ کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ حکومت ڈیزل کی قیمت میں بھی 90 روپے سے زائد اضافہ کرنے جا رہی ہے اور یہ لوگ گیس کی قیمتیں بھی بڑھانے جا رہے ہیں،یہ حکومت آخر چاہتی کیا ہے ؟ ملک کی معاشی صورتحال انتہائی خراب ہو چکی ہے اور عوام کی مشکلات میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔فرخ حبیب نے کہا کہ عمران خان کے دل میں عام آدمی کے لیے خاص احساس ہے اور عمران خان کی حکومت ہوتی تو آج روس سے پیٹرول خریدا جاتا موجودہ تاہم حکومت کی سمت اور ترجیحات نظر نہیں آ رہی ہیں۔ بجٹ سے پہلے منی بجٹ آئی ایم ایف کو خوش اور عوام کو کچلنے کے لیے پیش کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے بیرون ملک پاکستانیوں سے ووٹ کا حق چھین لیا۔ ساڑھے 3 سال میں سالانہ ترسیلات زر 14 ارب ڈالر بڑھ گئے اور ہمارے دور میں ملکی معیشت مضبوط ہو رہی تھی۔سابق وزیر مملکت نے کہا کہ زراعت میں ساڑھے 4 فیصد ریکارڈ پیداوار ہوئی اور جو مہنگائی کا طوفان لائے ہیں اس کے خلاف عوام سراپا احتجاج ہیں۔