لاڑکانہ( نمائندہ خصوصی)پاکستان کے سابق وزیر اعظم اور پیپلز پارٹی کے بانی ذوالفقار علی بھٹو کی آج 40 ویں برسی منائی جارہی ہے جنہیں 4 اپریل 1979 کے ایک عدالتی فیصلے کے نتیجے میں ذوالفقار علی بھٹو کو تختہ دار پر چڑھا دیا گیاتھا ۔ اس فیصلے کو پاکستان کی تاریخ کے چند متنازعہ عدالتی فیصلوں میں شمار کیا جاتا ہے اور آج بھی اسے درست تسلیم نہیں کیا جاتا۔ پیپلز پارٹی سمیت دیگر جماعتوں اور صحافت سے وابستہ افراد اسے عدالتی قتل قرار دیتے ہیں۔ذوالفقار علی بھٹو کی 40 ویں برسی کے موقع پر سندھ حکومت کی جانب سے صوبے بھر میں عام تعطیل کا اعلان کیا گیا اور صوبائی حکومت کے ماتحت چلنے والے خودمختار و نیم خود مختار ادارے، اور مقامی کونسلوں کے دفاتر بند رہے۔بانی پیپلزپارٹی کی برسی کے موقع پر گڑھی خدا بخش میں تعزیتی جلسہ منعقد کیا گیا جس میں پورے ملک سے جیالوں نے شرکت کی۔جلسہ عام سے پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بھی خطاب کیا ۔