کوئٹہ /اسلام آباد ( نمائندہ خصوصی)صوبہ بلوچستان میں بارش کے باعث لینڈ سلائیڈنگ کے نتیجے میں متاثرہ سڑکوں پر ٹریفک معطل اور کئی افراد زخمی ہوگئے ، چمن میں کوہ سلیمان رینج میں فالٹ سائٹ پر طوفانی موسم میں شدت آگئی ، آئندہ چوبیس گھنٹوں میں مزید بارش کا امکان ہے ، چمن میں ریسکیو حکام نے بتایاکہ مسافروں کی رہنمائی و مدد کےلئے خیبر پختون خوا انتظامیہ کا عدم تعاون تشویش ناک ہے۔ژوب تا ڈی آئی خان روڈ پر دانہ سر اور مانیخوا کے درمیان بارش کے باعث لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے ٹریفک معطل ہو گیا۔ریسیکو ذرائع کے مطابق لینڈ سلائیڈنگ سے چند مسافروں کے زخمی ہونے کی اطلاعات بھی ملی ہیں ،ضلعی انتظامیہ روڈ کھولنے میں مصروف رہی۔پی ڈی ایم اے کے مطابق کئی کلومیٹر کے علاقے میں بڑی تعداد میں مسافر بسیں اور چھوٹی گاڑیاں پھنس گئیں، علاقے سے متعدد ریسکیو کالز موصول ہونے پر بعد کوئیک رسپانس دیا گیا ۔پی ڈی ایم اے حکام کے مطابق ایم ای آر سی بادینزئی اور مانیخوا رسپانس ٹیمیں متاثرہ مقام پر پہنچیں اور اسلام آباد، پشاور، سوات سے مسافر ٹرانسپورٹ کو خیبر پختون خوا کی حدود میں روک دیا گیا ہے۔ریسکیو آپریشن مکمل ہونے تک کے پی اور بلوچستان کے درمیان ٹریفک کو معطل کر دیا گیا ۔دوسری جانب پرووینشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے مطابق چمن میں کوہِ سلیمان رینج میں موسلادھار اور طوفانی بارش ہوئی ہے۔پی ڈی ایم اے کے مطابق کوہِ سلیمان رینج میں بلوچستان اور خیبر پختون خوا کے سرحدی پہاڑوں پر بھی طوفانی بارش سے دونوں صوبوں کے بارڈر ایریاز میں سیلابی صورتِ حال دیکھی گئی۔