لاہور(نمائندہ خصوصی)وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت مسلم لیگ (ن) کا اہم مشاورتی اجلاس ہوا جس میں سپریم کورٹ میں جاری مقدمات اور مجموعی سیاسی صورتحال اور آئندہ کی حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔وزیر اعظم شہباز شریف کی رہائشگاہ پر ہونے والے اجلاس میں وفاقی وزیر قانون سینیٹر اعظم نذیر تارڑ،ملک احمد خان،سردار ایاز صادق، عطا اللہ تارڑ اور احد چیمہ سمیت دیگر شریک ہوئے ۔اجلاس میں سپریم کورٹ میں آج پیر کے روز کی سماعت بارے آئینی اورقانونی پہلوﺅں پر غوروخوض کیا گیا۔اجلاس میں وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے سپریم کورٹ میں زیر سماعت کیس کے حوالے سے بریفنگ دی۔ذرائع کے مطابق اجلاس میں فل کورٹ کی استدعا مسترد ہونے پر ریویو میں جانے پر قانونی پہلوﺅں پر مشاورت کی گئی۔وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ پنجاب اور خیبر پختوانخواہ میں الیکشن اکتوبر سے قبل کرانا مشکل ہیں، الیکشن ہونے چاہئیں لیکن موجودہ صورتحال میں الیکشن ممکن نہیں،ہم ملکی معیشت کو ٹھیک کرنے کے لئے دن رات کوشش کر رہے ہیں ،مہنگائی کی لہر پر جلد قابو پا لیں گے۔ انہوںنے کہا کہ ہم تعمیری سیاست پر یقین رکھتے ہیں یہ وقت تخریبی سیاست کا نہیں۔ اجلاس کے شرکاءنے کہا کہ سپریم کورٹ کا احترام ہے لیکن اختلافی نوٹ سے ابہام پیدا ہو گیا ہے۔