کراچی (نمائندہ خصوصی)پاکستان تحریکِ انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ بھٹو کے نواسے نے بھٹو کے آئین پر حملے کا فیصلہ کر لیا ہے، جو آئین بھٹو نے بنایا وہ زرداریوں نے برباد کر دیا،ہماری متفقہ رائے ہے مسلم لیگ ن نے آئین پر حملے کا فیصلہ کیا ہے، ن لیگ نے سپریم کورٹ کو دباﺅ میں لانے کا فیصلہ کیا ہے،ایک طرف کہتے ہیں کہ اسمبلیوں میں آ کر کردار ادا کرو، دوسری جانب اسپیکر ہماری راہ میں رکاوٹ بنے ہوئے ہیں، ہم ان کی چال میں نہیں پھنسیں گے ۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوںنے کہاکہ شہباز شریف اسمبلی کے فلور پر کہتے ہیں کہ تبادلہ خیال کرنا چاہیے اور مذاکرات کے ذریعے ملک کو اس سیاسی کشمکش سے آزاد کرنا چاہیے لیکن گزشتہ روز کے اعلامیے میں کہا گیا کہ اب عمران خان یا پی ٹی آئی سے کوئی گفتگو نہیں ہوگی، یہ بالکل متضاد بات کی گئی ہے۔انہوںنے کہاکہ ایک طرف کہتے ہیں کہ اسمبلیوں میں آ کر کردار ادا کرو اور دوسری طرف جب ہم اپنے مقصد کے حصول یعنی نئے انتخابات کے حصول کی کوشش میں قومی اسمبلی میں جانے پر آمادگی کا اظہار کرتے ہیں تو پیپلزپارٹی کے اسپیکر راجا پرویز اشرف جو آئے دن دعوت دیا کرتے تھے وہ اب راستے میں رکاوٹ بنے ہوئے ہیں، اس حوالے سے ہائی کورٹ میں مقدمہ چل رہا ہے۔انہوں نے کہ 6 اپریل کی تاریخ ہے، امید ہے کہ ہارئی کورٹ فیصلہ فرمائے گی، جیسا الیکشن کمیشن کا نوٹی فکیشن مستر د ہوا، میں سمجھتا ہوں کہا اسپیکر قومی اسمبلی کو بھی واضح پیغام جائے گا اور تحریک انصاف کے اراکین اسمبلی میں جا کر اپنا کردار ادا کرسکیں گے۔