اسلام آباد ( نمائندہ خصوصی)پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نوازشریف نے تین سال بعد چین پاکستان تجارت اور آمد و رفت پھر بحال ہونے پر چین اور پاکستان کی قیادت کو مبارک دیتے ہوئے کہاہے کہ سی پیک کے خلاف فارن فنڈڈ فتنے کی سازش ناکام بنادی دونوں ممالک کے عوام کو مبارک ہو،تین سال بعد چین پاکستان تجارت اور آمد و رفت پھر بحال ہوگئی ہے۔ اپنے بیان میں انہوںنے کہاکہ 2020 میں بندش کے بعد اب 2023 میں خنجراب پاس کا دوبارہ کھلنا بڑی خوشی کی خبر ہے ۔ انہوںنے کہاکہ نومبر 2016 سے سی پیک فریم ورک کے تحت یہ ارینجمنٹ بہترین جا رہا تھا ، نومبر 2019 میں بند ہوگیا تھا ۔ انہوںنے کہاکہ خنجراب پاس کے دوبارہ کھلنے سے دونوں طرف کے عوام کی مشکلات ختم کرنے میں مدد ملے گی ۔ انہوںنے کہاکہ وزیراعظم شہبازشریف اور صدر شی جن پنگ پاک چین آہنی بھائی چارے کو مزید مضبوط بنارہے ہیں ۔ مریم نواز نے کہاکہ پی ٹی آئی حکومت نے پاکستان چین تجارتی سرگرمیوں اور سی پیک کی رفتار متاثر کی۔انہوںنے کہاکہ قائد محمد نوازشریف سی پیک کے معمار ہیں، چین کی مدد سے سی پیک کے ذریعے پاکستان کی ترقی کا عظیم منصوبہ شروع کیا تھا ۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان مسلم لیگ(ن) دور کی رفتار سے سی پیک اور پاک چین تجارت جاری رہتی تو آج عوام بدحال نہ ہوتے ۔ مریم نواز نے کہاکہ چین پاکستان تعلقات قومی سلامتی کی سرخ لکیر ہے۔ انہوںنے کہاکہ فارن فنڈڈ ایجنٹ نے سی پیک اور چین کے تعاون سے پاکستان میں چلنے والے منصوبوں میں کرپشن کے بے بنیاد الزامات لگائے تھے ۔ انہوںنے کہاکہ سی پیک کے خلاف فارن فنڈڈ فتنے کی سازش ناکام بنادی ، الحمداللہ