مریدکے (نمائندہ خصوصی)وفاقی وزیر تعلیم رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ عمران خان کو عدالتیں ریلیف دے رہی ہیں ،راتوں کو عدالتوں سے آواز آتی ہے عمران خان آﺅضمانت کروالو ،صدر علوی اور ججز کے خلاف کسی کاروائی کا ارادہ نہیں۔مسلم لیگ (ن) کے رہنماﺅںچوہدری ارشد ورک ،چوہدری انعام اللہ ورک ،رانا احمد عتیق اوررانا ماجد کے ہمراہ عارضہ قلب میں مبتلا سٹی پریس کلب مریدکے کے صدر رانا جعفر کی رہائشگاہ پر خیریت دریافت کرنے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے رانا تنویر حسین نے کہا کہ صدر عارف علوی نے پی ٹی آئی کی عینک لگارکھی ہے ،وہ عمران خان کے منشی کا کردار ادا کرنے کی بجائے اپنے عہدے کا پاس کریں کیونکہ صدر کا آئینی کردار ہوتا ہے ،وہ آئین قانون کے دائرہ میں رہ کر کردار ادا کریں ۔جب ان سے سوال کیا گیا کہ اگر تین رکنی بنچ پی ڈی ایم کے حق میں فیصلہ دےدیں تو قبول ہوگا جس پر انہوں نے مسکراتے کہا ایسا ہونہیں سکتا ۔ہمارا صدر اور تین رکنی بنچ کے خلاف کہیں جانے ،اپیل احتجاج کا کوئی ارادہ نہیں ،ہم بھی چاہتے ہیں الیکشن وقت پر ہوں اور اکٹھے ہوں ،ملک کی معاشی حالت اجازت نہیں دیتے کہ الگ الگ الیکشن ہوں ۔انہوں نے کہا عمران خان کے متعلق جو بات کی اس پر قائم ہوں ،حکومت کے پاس شواہد ہیں عمران خان کے پیچھے ملک دشمن قوتیں یہودی اور بھارت ہے وگرنہ یہ بتائے اس کو فنڈز کہاں سے آرہے ہیں ،اس فتنہ نے ملک تباہ کردیا ،اس سے جتنی جلد جان چھوٹ جائے بہتر ہے ۔انہوں نے کہا اگر فتنہ اسی طرح برقرار رہا تو نواز شریف نے سچ کہا ہے ڈالر کو پانچ سو روپے کا ہونے سے کوئی نہیں روک سکتا ۔انہوں نے کہا شہباز شریف ملک کو بحرانوں سے نکالنے میں کامیاب ہوچکے ہیں اچھے دن شروع ہونے والے ہیں ۔