کراچی(نمائندہ خصوصی) عوامی گورنر کامران خان ٹیسوری نے دسویں سحری ضلع غربی کے عوام کے درمیان کی ۔ اورنگی ٹاﺅن سیکٹر 15 کے مشہور کباب ہاﺅس آمد پر عوام نے ان کا پر جوش طریقہ سے استقبال کیااور گورنر کے ہمراہ تصاویر سلفیاں بنوائیں۔ متحدہ قومی موومنٹ کے کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی بھی ان کے ہمراہ تھے ۔ گورنرسندھ نے کہا کہ اورنگی ،کورنگی، بلدیہ،ابراہیم حیدری، ملیر، لانڈھی، لیاقت آباد،لیاری،، ہر جگہ جاﺅں گا، میرے عوام میں جانے کا مقصد ہر صاحب اختیار کو ایسا کرنے کی ترغیب دینا ہے کیونکہ عوام میں جاکر ان کے مسائل سن کر حل کرنے کی کوشش کرتا ہوں۔ انہوں نے مزید کہا کہ عوام کوریلیف فراہم کرنے کے لئے سیلانی ، جے ڈی سی بچت بازاروں کا افتتاح کیا ہے، پوری کوشش ہے کہ عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کریں ۔ انہوں نے انتظامیہ پر زور دیا کہ انتظامیہ پرائس لسٹ کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بھرپور ایکشن لے۔انہوں نے کہا کہ جسے تنقید کرنا ہے وہ کرے،عوام سے رابطہ نہیں توڑوں گا، مسائل حل کرنے کے لئے اختیار سے زیادہ ارادے کی ضرورت ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گورنر ہاﺅ س میں اسکول و مدارس کے بچوں کو بھی افطار کروایا جارہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عوام سے ملاقات کے لئے کسی نہ کسی فوڈ اسٹریٹ پر جاتا رہوں گا کیونکہ مجھے عوام کے درمیان جاکر حقیقی مسرت کا احساس ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چاند رات پر گورنر ہاﺅس میں خواتین کے لئے مفت مہندی لگانے کا اہتمام کیا گیا ہے، انہیں چوڑیاں بھی دی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ عید الفطر کے بعد 50 ہزار نوجوانوں کو مفت آئی ٹی کورسز کروائے جائیں گے،آئی ٹی کورسز میں نوجوانوں کے انتخاب کے لئے جلد گورنر ہاﺅس میں ٹیسٹ منعقد ہوگا اس ضمن میں غیر ملکی سفارت کاروں سے طالب علموں کی اسکالر شپس کی بات کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ گورنرز اینی شیٹوGovernor’s Initiative کے ذریعہ 1000اسکالر شپس دی جائیں گی، آئی ٹی ٹریننگ کے بعد نوجوان 3سے5لاکھ روپے مہینہ کمانے کے قابل ہوجائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کرنا میرا عزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ ون پلس ون فارمولہ کے ذریعہ کئی مسائل حل کئے جاسکتے ہیں۔