کراچی (نمائندہ خصوصی ) سیلانی ویلفیئر ٹرسٹ نے کم آمدنی والے عوام کےلئے نمائش پر مزار قائد کے سامنے سیلانی بچت بازار قائم کردیا۔ اس بازار میں 50ہزار سے کم آمدنی رکھنے والے افراد کو تمام ضرورت اور کھانے پینے کی اشیا اور دیگر سامان بازار سے30فیصد کم رعایت پر ملے گا۔ اس بازار سے خریداری کرنے کے لئے عوام شناختی کارڈ ہمراہ لائیں۔ گزشتہ دنوں اس بازار کا افتتاح گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کیا۔ اس موقع پر سیلانی کے بانی چیئرمین مولانا محمد بشیر فاروقی، کے ایم سی کے ایڈمنسٹریٹر ڈاکٹر سیف الرحمن، ٹرسٹی افضال چامڈیا، سی ای او محمد غزال اور دیگر موجود تھے۔ گورنر سندھ نے سیلانی کی ان کوششوں کو سراہا اور کہا کہ مہنگائی کو کم کرنے کے لیے سیلانی نے بہترین طریقہ اپنایا ہے اور عوام کی بڑی تعداد اس سے مستفید ہوگی۔ مولانا بشیر فاروقی نے بتایا کہ یہ پہلا اسٹور کھولا گیا ہے جو 27 رمضان تک جاری رہے گا۔ اور یہاں گھی تیل آٹا، شربت 30 فیصد رعایت پر دستیاب ہوگا۔ اور ایسے اسٹور کراچی کے ہر ضلع میں کھولا جائےگا۔