واشنگٹن ( نیٹ نیوز ) امریکی وزیر خارجہ انٹنی بلنکن نے زور دے کر کہا ہے کہ ایک بہت ہی اہم رشتہ اور شراکت داری امریکا کو سعودی عرب کے ساتھ جوڑتی ہے۔ اس شراکت داری میں دونوں ملکوں کا انتہا پسندی، دہشت گردی کے خلاف مل کر لڑنا اور ایران سے نمٹنے کے لیے مشترکہ کوششیں کرنا شامل ہیں۔میڈیارپورٹس کے مطابق انہوں نے پریس بیانات میں مزید کہا کہ یمن کے بحران کے حل کے لیے مملکت کے ساتھ تعلقات بھی بہت اہم ہیں۔
امریکی وزیر خارجہ نے واضح کیا کہ امریکی صدر جو بائیڈن کی انتظامیہ نے سعودی عرب کے ساتھ تعلقات کو مضبوط بنانے کی اہمیت پر فیصلہ کیا ہے تاکہ دونوں ممالک کے درمیان مشترکہ مفادات کو بہتر طریقے سے حاصل کیا جا سکے۔انہوں نے کہاکہ یمن اب ایک حقیقی مگر قدرے نازک مسئلہ ہے۔ یمن میں دیر پا امن قائم کرنے کا ایک موقع موجود ہے۔