کراچی(نمائندہ خصوصی) عوامی گورنر کی نویں سحری بھی عوام کے درمیان، گورنرسندھ کامران خان ٹیسوری نے رمضان المبارک کی نویں سحری کے لئے عائشہ منزل کی فوڈ اسٹریٹ پہنچ گئے۔ اس موقع پر متحدہ قومی موومنٹ کے سینئر رہنما ڈاکٹر فاروق ستار بھی موجود تھے۔ عوام نے گورنر سندھ کا پر تپاک استقبال کیا، گورنر کے ہمراہ تصاویر سلفیاں بنوائیں۔ گورنر سندھ نے کہا کہ بچت بازار کے ذریعے عوام کو ریلیف پہنچانے کی کوشش کر رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ آج سیلانی کے سستا بازار کاافتتاح کیا ہے، اور کل ایکسپو سینٹر میں بچت ایکسپو کا افتتاح ہوگا ، پوری کوشش ہے کہ عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کریں۔کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ عوام میں جانے سے ان کے مسائل سے آگاہی ملتی ہے، تنقید کی پرواہ نہیں ،عوام سے رابطہ نہیں توڑوں گا، کیونکہ مسائل حل کرنے کے لئے اختیار سے زیادہ ارادے اور نیت کی ضرورت ہوتی ہے۔ گورنر سندھ نے کہا کہ انتظامیہ پرائس لسٹ کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بھرپور ایکشن لے۔کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ گورنر ہاﺅس میں اسکول کے بچوں کو بھی افطار کروایا جارہا ہے ، جبکہ آج کی افطار میں عرب ممالک کے قونصل جنرلز بھی شریک ہوئے،انہوں نے بچوں کے ساتھ افطار کیا اور ان کے ساتھ سیلفیاں بھی بنوائیں۔ گورنر سندھ نے کہا کہ عوام سے ملاقات کے لئے کسی نہ کسی فوڈ اسٹریٹ پر جاتا رہوں گا، عوام کے درمیان جاکر حقیقی مسرت کا احساس ہوتا ہے،انہوں نے مزید کہا کہ چاند رات پر گورنر ہاﺅس میں خواتین کے لئے مفت مہندی لگانے اور چوڑیاں دینے کا اہتمام کیا گیا ہے، جبکہ عید الفطر کے بعد نوجوانوں کے لئے مفت آئی ٹی کورسز بھی شروع کئے جائیں گے۔ گورنر سندھ نے کہا کہ غیر ملکی سفارت کاروں سے طالب علموں سے اسکالر شپس کی بات کی ہے ، 350 اسکالر شپس آچکی ہیں،گورنر سندھ نے کہا کہ ٹریڈ ڈیولپمینٹ اتھارٹی آف پاکستان میں آنے والے دعوت ناموں کو چھوٹے کاروبار کرنے والوں کو شریک کریں گے۔