کراچی(نمائندہ خصوصی) وزیر محنت و افرادی قوت سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ بچت بازاروں کا انعقاد اچھی کاوش ہے، کیونکہ اس وقت مہنگائی کی وجہ سے ہر کوئی پریشان ہے، اس وقت کراچی بھی میں تمام ڈسٹرکٹ میں اس طرح کے بچت بازار سندھ حکومت کے ماتحت قائم کئے گئے ہیں جس کا مقصد عوام کو ریلیف فراہم کرنا ہے۔ تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیر سعید غنی نے ڈسٹرکٹ ایسٹ میں فیروز آباد سب ڈویژن میں وائرلیس گرانڈ میں لگائے جانے والے بچت بازار کا دورہ کیا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل زراعت، ڈپٹی کمشنر ایسٹ تبریز صادق مری، اے سی فیروز آباد، مارکیٹ کمیٹی کے چیرمین و دیگر بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔ صوبائی وزیر سعید غنی نے بچت بازار کے ایک ایک اسٹالز پر جاکر کمشنر کراچی کی جانب سے جاری کردہ پرائز لسٹ کے مطابق عوام الناس کو سبزی ، پھل اور دیگر اشیا دی جارہی ہیں یا نہیں اس کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ بچت بازار کے انتظامات تسلی بخش ہیں ۔ بچت بازاروں کا انعقاد اچھی کاوش ہے، کیونکہ اس وقت مہنگائی کی وجہ سے ہر کوئی پریشان ہے ۔سعید غنی نے کہا کہ حکومت نے مہنگائی کے خلاف انقلابی اقدامات کئے ہیں۔ سعید غنی نے مزید کہا کہ اس وقت کراچی بھی میں تمام ڈسٹرکٹ میں اس طرح کے بچت بازار سندھ حکومت کے ماتحت قائم کئے گئے ہیں جس کا مقصد عوام کو ریلیف فراہم کرنا ہے۔ ساتھ ہی روزانہ کی بنیاد پر عوام کو حکومتی نرخ سے زائد قیمتوں پر اشیا فروخت کرنے والوں کے خلاف آپریشن کا سلسلہ تیزی سے جاری ہے۔ سعید غنی نے کہا کہ سندھ حکومت کی بھرپور کوشش ہے کہ اس ماہ مبارک میں ہر شخص کو اپنی ضروریات کی اشیا کم سے کم نرخوں پر دستیاب ہوسکیں۔ اس موقع پر ڈپٹی کمیشنر ایسٹ تبریز صادق مری نے کہا کہ اس طرح کے بچت بازار ڈسٹرکٹ ایسٹ کے چاروں سب ڈویژن میں لگائے گئے ہیں۔ جہاں عوام کو سستے اور معیاری پھل اور سبزیاں حکومت کے تعین کردہ نرخوں پر فراہم کی جارہی ہیں