اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) پاکستان مسلم لیگ قیوم کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات و نشریات فیصل انور بھٹی کہتے ہیں کہ پاکستان دنیا کا وہ واحد ملک ہے جسکے نوجوانوں میں بے پناہ صلاحیتیں موجود ہیں، اس ٹیلنٹ سے فائدہ اٹھانے کے لیے بنیادی سہولیات فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔ پوری دنیا میں آن لائن کرنسی سے کاروبار ہو رہا ہے اور ہم آگے بڑھنے کے بجائے 50 روپے کے سکے نکال رہے ہیں۔ ہمیں 5, 10, 20 کے سکوں کی دنیا سے نکل کر آن لائن فاریکس ٹریڈنگ، سافٹ وئیر ڈویلپمنٹ اور ڈیجیٹلائزیشن سولوشن پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ فیصل انور کا کہنا ہے کہ لاکھوں پاکستانیوں کے آن لائن کرنسی اکاؤنٹ ہیں جن میں لاکھوں ڈالرز پرفیکٹ، پائزہ، اسکرل اور بٹ کوائن کرنسی کی شکل میں پڑے ہیں اور وہ پاکستان کے بنک اکاؤنٹس میں ٹرانسفر نہیں ہو سکتے کیونکہ ہمارا بنکنگ سسٹم اسے سپورٹ نہیں کرتا۔ وقت کی ضرورت ہے کہ آن لائن ڈیجیٹل کرنسی کو قانونی شکل دینا ہو گی، فیصل انور نے کہا کہ آئی ٹی اور میڈیا انڈسٹری سے ملکی زرمبادلہ میں حیران کن اضافہ ممکن ہے۔ کورونا نے دنیا کو بہت کچھ سکھایا مگر ہم لوگ شائید آگے بڑھنا ہی نہیں چاہتے، اسی لیے عوام کو بھول کر الزامات اور انتقام کی سیاست میں مصروف ہیں۔ مسلم لیگ قیوم کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات فیصل انور نے بتایا کہ ہمیں حکومت حاصل کرنے کا کوئی شوق نہیں، جو کرسی کے لیے لڑ رہے ہیں وہ اگلے دس سال بھی یہی کرتے رہیں گے کیونکہ انکی سوچ تعمیری نہیں بلکہ انتقامی ہے۔ مسلم لیگ قیوم 1947 سے لے کر آج تک اس ملک کی ترقی اور خوشحالی کے لیے کام کرتی رہی ہے اور آئندہ بھی کرتی رہے گی۔