اسلام آباد (اے پی پی)
وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ عالمی برادری کو موسمیاتی تباہی، کوونا وبائ، سخت معاشی حالات اور بڑھتے ہوئے جغرافیائی سیاسی تناو سے پیدا ہونے والے چیلنجوں پر قابو پانے کے لیے مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو یہاں وزارت خارجہ میں سفارتی کور کے اعزاز میں دیئے گئے بین المذاہب افطار ڈنر سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ افطار ڈنر میں اسلام آباد میں مقیم سفیروں، ہائی کمشنرز اور مختلف ممالک کے مشنز کے سربراہان نے شرکت کی۔ سابق وزیر اعظم سینیٹر سید یوسف رضا گیلانی، وزیر مملکت برائے خارجہ امور حنا ربانی کھر، قومی اسمبلی کے سپیکر راجہ پرویز اشرف، سیکرٹری خارجہ ڈاکٹر اسد مجید خان، وفاقی وزراءاور ارکان پارلیمنٹ نے بھی افطار ڈنر میں شرکت کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے مہمانوں کو رمضان المبارک کے بابرکت مہینے کی مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو موسمیاتی تبدیلیوں کی تباہ کاریوں کے سنگین نتائج اور کورونا وباءکے تناظر میں معاشی چیلنجز کا سامنا ہے۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ حکومت کے پاس سیلاب سے متاثرہ لوگوں کی تعمیر نو اور بحالی کا اہم کام ہے۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان کو گزشتہ سال کے ہولناک سیلاب کے بعد معاشی مشکلات کے ساتھ ساتھ سیلاب زدگان کی مکمل بحالی کے بڑے چلینج کا سامنا ہے، حکومت کی اولین ترجیح غریبوں اور معاشی طور پر کمزور طبقوں کی حالت کو بہتر بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک اس وقت مشکل معاشی حالات سے گذر رہا ہے، بینظیر انکم سپورٹ پروگرام(بی آئی ایس پی) کے تحت مستحقین کو ریلیف فراہم کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وبا کے باعث پاکستان سمیت مختلف ملکوں کو معاشی مسائل درپیش رہے، پاکستان کو بھی دیگر ملکوں کی طرح مختلف چلینجز کا سامنا ہے۔ وزیر خارجہ نے حالیہ سیلاب کے دوران پاکستان کی مدد کرنے پر عالمی برادری کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر پاکستان میں ڈپلومیٹک کور کے ڈین عطاجان مولاموف نے بھی خطاب کیا۔ انہوں نے اپنے خطاب میں عالمی امن اور ہم آہنگی کے لیے بین المذاہب رابطے کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ یورپی یونین نے پاکستان کو ہائی رسک ممالک کی فہرست سے نکالا ہے جو قابل تحسین اقدام ہے۔ انہوں نے رمضان المبارک کے مقدس مہینے کے موقع پر پاکستان کے عوام اور شرکاءکو مبارکباد پیش کی۔ سفارتی کور کے ارکان نے بین المذاہب ہم آہنگی کے تصور کے ساتھ افطار ڈنر کے انعقاد پر وزارت خارجہ کے اقدام کو سراہا۔ افطار ڈنر میں وزارت خارجہ کے سینئر افسران اور دیگر اہم شخصیات نے بھی شرکت کی۔