لاہور (نمائندہ خصوصی) سابق وزیر اعلیٰ پنجاب و مرکزی صدر پاکستان تحریک انصاف چوہدری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ حکومتی بل نوازشریف کو ایک اور این آر او دینے کی بھونڈی کوشش کے سوا کچھ نہیں، بدنیتی پر مبنی قانون سازی کی کوئی آئینی حیثیت نہیں چاہے وہ پارلیمنٹ ہی کیوں نہ کرے۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے سابق ایم این اے چوہدری عامر سلطان چیمہ، سابق صوبائی وزیر کرنل(ر) ہاشم ڈوگر، صفدر بوسال ایڈووکیٹ، رائے ممتاز بابر اور نادر دوگل ایڈووکیٹ سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ پرویز الٰہی نے کہا کہ نواز شریف آئین اور قانون کے مفرور مجرم ہیں، جب بھی واپس آئیں گے سیدھے جیل ہی جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ سپریم ضرور ہے لیکن حکومت کومعلوم ہوناچاہئے کہ سپریم کورٹ بھی سپریم ہے۔پارلیمنٹ بھی سپریم کورٹ کوڈکٹیٹ نہیں کر سکتی۔شہبازشریف سمیت پوری پی ڈی ایم سپریم کورٹ کوآئین کی پاسداری سےروکنا چاہتے ہیں۔پی ڈی ایم سپریم کورٹ کوبنچوں کی بحث میں الجھا کرپنجاب میں الیکشن سے فرار چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئینی طور پر آئین کی تشریح کااختیار صرف سپریم کورٹ کے پاس ہے۔پی ڈی ایم حکومت الیکشن روک کر قومی سلامتی سے کھیل رہی ہے۔دنیامیں ابھی تک الیکشن کی سوا سیاسی بحران ختم کرنے کا کوئی اورحل دریافت نہیں ہوا۔انہوں نے مزید کہا کہ بدنیتی پر مبنی قانون سازی کی کوئی آئینی حیثیت نہیں چاہے وہ پارلیمنٹ ہی کیوں نہ کرے۔