اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)وزیر بررائے تجارت سید نوید قمر نے کہا ہے کہ مختلف وجوہات کی بنیاد پربرآمدات متاثر ہوئی ہیں،برآمدی صنعت سے وابستہ مسائل کو ترجیجی بنیادوں پر حل کیا جائےگا،آئی ایم ایف کی شرط ہے کہ صنعتی برآمدی شعبہ پر سبسڈی نہ دی جائے،برآمدی صنعت زرمبادلہ کے حصول میں اہم کردار ادا کررہی ہے۔۔جمعرات کو سینٹ میں سینیٹرز کہدیٰ بابر، محسن عزیز اور دلاور خان کے سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ ملک میں اشیائے خوردونوش کی کوئی قلت نہیں، کینو، آم اوردیگر پھل اور سبزیاں برآمد کی جاتی ہیں، زرعی مصنوعات درآمد کی جاتی ہیں، ان کی برآمدات میں مزید اضافہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کی شرط ہے کہ صنعتی برآمدی شعبہ پر سبسڈی نہ دی جائے۔انہوںنے کہاکہ دنیا میں کساد بازاری آئی ہے، بجلی اور قیمتوں میں رعایت واپس لینا پڑی ہے جس سے برآمدات متاثر ہوئی ہیں۔وفاقی وزیر نے کہا کہ برآمدی صنعت زرمبادلہ کے حصول میں اہم کردار ادا کررہی ہے، اس صنعت سے وابستہ مسائل کو ترجیجی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔