لکی مروت (نمائندہ خصوصی)خیبر پختونخوا کے ضلع لکی مروت میں تھانا صدر کے قریب دھماکے کے نتیجے میں ڈی ایس پی اقبال مہمند سمیت 4 اہلکار شہید اور چھ زخمی ہوگئے۔پولیس کے مطابق ڈی ایس پی تھانا صدر پر دہشت گرد حملے کی اطلاع پر موقع پر روانہ ہوئے تھے کہ پیر والا موڑ کے قریب ڈی ایس پی کی گاڑی بارودی مواد کے دھماکے کا نشانہ بنی۔دھماکے کے نتیجے میں ڈی ایس پی اقبال مہمند سمیت 4 اہلکار شہید اور 6 زخمی ہوگئے۔ترجمان پولیس کے مطابق ھماکے کے نتیجے میں شہید ہونے والوں میں ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ پولیس اقبال مہمند اور تین پولیس اہلکار کرامت، وقار اور علی مرجان جبکہ زخمیوں میں ہیڈکانسٹیبل فاروق،کانسٹیبل گلتیاز،اصغر،امانت اللہ،عارف، سردارعلی شامل ہیں۔لکی مروت پولیس کے ترجمان شاہد حمید نے بتایا کہ دہشت گردوں نے علی الصبح صدر پولیس اسٹیشن پر فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں پولیس اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔پولیس کے ایک بیان میں کہا گیا کہ عسکریت پسندوں نے جدید اور بھاری ہتھیاروں سے حملہ کیا، تاہم پولیس چوکس تھی اور پولیس کی جوابی فائرنگ سے حملہ آوروں کو فرار ہونا پڑا۔ترجمان نے بتایا کہ کہا کہ ڈی ایس پی لکی مروت اقبال مہمند کی قیادت میں ایک پولیس پارٹی تھانے جا رہی تھی کہ پیر والا موڑ کے قریب سڑک کنارے نصب بم پھٹ گیا، جس کے نتیجے میں ڈی ایس پی اقبال اور تین پولیس اہلکار موقع پر ہی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔بیان میں مزید کہا گیا کہ حملہ آور اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہوگئے۔پولیس کے مطابق اس سے قبل دہشت گردوں نے تھانا صدر پر حملہ کیا تھا، پولیس سے فائرنگ کے تبادلے کے بعد دہشت گرد فرار ہوگئے۔ترجمان پولیس کے مطابق پولیس کی بھاری نفری پہنچ گئی اور علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ۔ نجی ٹی وی کے مطابق کالعدم تحریک طالبان پاکستان نے فوری طور پر ایک بیان میں حملے کی ذمہ داری قبول کرلی۔بعد ازاں جاں بحق پولیس اہلکاروں کی نماز جنازہ پولیس لائن میں ادا کی گئی جس میں اعلیٰ پولیس افسران نے شرکت کی۔دریں اثناءوزیراعظم شہباز شریف نے لکی مروت میں پولیس تھانہ صدر پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے ڈی ایس پی اقبال مہمند سمیت 4 جوانوں کی شہادت پر رنج و غم اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم نے جام شہادت نوش کرنے والے ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹرز اقبال مہمند، سپاہی وقار، مرجان، کرامت کو خراج عقیدت پیش کیا۔ وزیراعظم نے شہدا کے اہل خانہ سے تعزیت اور ہمدردی کا بھی اظہارکیا۔انہوں نے کہا کہ پولیس دہشت گردی کے خلاف فرسٹ لائن آف ڈیفنس کا شاندار کردار ادا کر رہی ہے، تھانہ صدر پر دہشت گردوں کے حملے کا پولیس نے جرآت و بہادری سے مقابلہ کیا۔انہوںنے کہاکہ دہشت گردی کے خاتمے میں پاکستان کی بقا اور ترقی ہے، وزیراعظم نے اے پی سی کے ڈرائیور سردار علی اور 6 زخمی پولیس اہلکاروں کی جلد صحت یابی کی دعا بھی کی۔ خیبرپختونخوا حکومت کو شہدا کے لیے پیکج اور زخمیوں کو علاج کی بہترین سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی۔