لاہور (نمائندہ خصوصی ) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین و سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ آج پاکستان میں قانون کی حکمرانی نہیں، گزشتہ 10ماہ سے جو کچھ ہو رہا ہم فسطائیت کی طرف بڑھ رہے ہیں۔انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری بیان میں کہا کہ مجرموں کے ٹولے کی جانب سے سپریم کورٹ آف پاکستان پر حملے، اس کے اختیارات کو کم کرنے اور اسے نیچا دکھانے کی کوششوں کی عوام بھرپور مزاحمت کررہے ہیں اور یہ مزاحمت جاری رہے گی۔عمران خان نے کہا کہ ہم فسطائیت کے اسی دور کی جانب لوٹ رہے ہیں، پاکستان گزشتہ10ماہ سے جس کے چنگل میں ہے،نامعلوم افراد چادرو چار دیواری کی حرمت پامال کرتے ہوئے تحریک انصاف کے کارکنان اور سوشل میڈیاٹیم کے اراکین کے گھروں میں گھس رہے ہیں اور وہاں موجود افراد کو دہشت زدہ کرنے کے ساتھ مطلوبہ کارکن کی عدم موجودگی کی صورت میں اہلِ خانہ تک کو اٹھا رہے ہیں۔اغوا،دورانِ حراست تشدد،جعلی مقدمات کی بھرمار، میڈیا پرمکمل پابندی اور صحافیوں کو ہراساں کئے جانے جیسے لاتعداد واقعات میں آج کے پاکستان کا عکس جھلکتا ہے جس میں قانون کی حکمرانی کا تو نشان تک نہیں جبکہ آئین سے انحراف ہر پہلو سے نمایاں ہے۔