اسلام آباد( نمائندہ خصوصی ) یورپی یونین نے پاکستان کوہائی رسک ممالک کی فہرست سے خارج کردیا، یورپ کے قانونی اور معاشی آپریٹر کی اضافی شرائط لاگو نہیں ہوں گی۔تفصیلات کے مطابق ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ سے نکلنے کے بعد پاکستان نے ایک اور بڑی کامیابی حاصل کرلی اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری اور وزیر تجارت سید نوید قمر کی کوششیں رنگ لے آئی ہیں ۔یورپی یونین نے پاکستان کو ہائی رسک ممالک کی فہرست سے خارج کردیا، جس کے بعد پاکستانیوں پر یورپ کے قانونی اور معاشی آپریٹرکی اضافی شرائط لاگو نہیں ہوں گی۔ہائی رسک فہرست اینٹی منی لانڈرنگ کے خراب نظام اور دہشتگرد فنانسنگ روکنے کے خراب انتظام کی نشاندہی کرتی ہے۔وزیر تجارت سید نوید قمر نے کہا کہ ہمیں یہ کامیابی وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کی انتھک کوششوں سے ملی ، یورپی یونین نے پاکستان کو ہائی رسک تھرڈ کنٹریز کی فہرست سے نکال دیا ہے۔انہوںنے کہا کہ ان خامیوں کو دور کر لیا ہے جو اب بین الاقوامی مالیاتی نظام کے لیے خطرہ نہیں ہیں، یورپی یونین کے رکن ممالک کو اب پاکستان کے ساتھ معاملات کرتے ہوئے انہانسڈ کسٹمر ڈیو ڈیلیجنس کا اطلاق کرنے کی ضرورت نہیں ہوگی۔انہوںنے مزید کہا کہ یورپی یونین نے پاکستان کو 22 اکتوبر 2018 کو ہائی رسک ممالک کی فہرست میں شامل کیا تھا، اس پابندی نے ہماری معیشت پر غیر ضروری بوجھ ڈالا۔