چمن (نمائندہ خصوصی )شمالی بلوچستان مضبوط مغربی سسٹم کے زیر اثر آگیا ،کئی علاقوں میں موسلا دھار بارشیں ہوئیں جس سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے ۔تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے علاقوں چمن، قلعہ عبداللہ، پشین، توبہ اچکزئی، توبہ کاکڑی، خانوزئی، زیارت، مسلم باغ، بوستان، کان مہترزئی، قلعہ سیف اللہ اور لورالائی میں شدید بارشیں ہوئیں ۔ اطلاعات کے مطابق شدید بارشوں سے نشیبی علاقے زیرآب آگئے اور برساتی نالوں میں طغیانی آگئی ۔حکام کے مطابق شمالی بلوچستان کے ندی نالوں میں درمیانے درجے کے سیلابی ریلے ہیں ، برساتی نالوں میں طغیانی سے دیہی رابطہ سڑکیں آمدورفت کیلئے متاثر ہوئی ہیں۔لیویز حکام کے مطابق کوڑک ٹاپ کے پہاڑی دروں کے سیلابی پانی سےکوئٹہ چمن شاہراہ متاثر ہوئی جہاں پانی کے ساتھ مٹی اور پتھر سڑک پر آنے سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی۔ادھر خوشاب، بھکر اور بورے والا سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں بھی بارش ہوئی۔