کراچی (نمائندہ خصوصی )سندھ حکومت کی مہنگی اشیافروخت کرنے والوں کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے صوبے بھر میں 512 ناجائز منافع خوروں اور ذخیرہ اندوزی کرنے والوں پر 22 لاکھ 33 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا ہے۔وزیر جامعات سندھ اسماعیل راہو نے اپنے بیان میں کہا کہ کراچی سمیت صوبے کے تمام اضلاع میں 100 کے قریب بچت بازار لگائے گئے ہیں، کراچی میں منافع خوروں اور ذخیرہ اندوزی کرنے والوں پر دس لاکھ روپے سے زائد جرمانہ اور متعدد دکانیں سیل کی گئی ہیں. اسماعیل راہونے کہاکہ سنجھورو میں ناقص آٹا فروخت کرنے پر فلورمل سیل کردی گئی ہے، منافع خوری اور ذخیرہ اندوزی کرنے والوں کے خلاف سندھ حکومت سخت ایکشن لے رہی ہے.صوبائی وزیر نے کہا کہ وزیراعلی سندھ نے صوبے کے تمام اضلاع میں وزرا، مشیروں، اسپیشل اسسٹنٹ اور ایم پی ایز کو نگران مقرر کردیا ہے،سندھ بھر میں ڈپٹی کمشنرز نے مانیٹرنگ سیل بھی قائم کردیے ہیں،سندھ حکومت عوام کو رمضان مہینے میں ریلیف فراہم کرنےکی ہرممکن کوشش کر رہی ہے.