کراچی(نمائندہ خصوصی) وزیر محنت و افرادی قوت سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ رمضان المبارک میں عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولیات کی فراہمی نہ صرف ہمارا فرض ہے بلکہ بحثیت ایک مسلمان ہم سب کی اولین ذمہ داری ہے۔ سندھ حکومت کی جانب سے عوام کو رمضان المبارک کے دوران سستی اور معیاری چیزیں دستیاب ہوں اس کے لئے کراچی میں 27 بچت بازار بنائے گئے ہیں۔ بچت بازار میں اس بات کو یقینی بنایا گیا ہے کہ عوام کو ضروری اشیا کی کم قیمت اور سرکاری نرخوں پر فراہمی یقینی بنایا جاسکے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کے روز حکومت سندھ کی جانب سے شہریوں کی سہولت کیلئے وائر لیس گراﺅنڈ کالا پل پر لگائے گئے بچت بازار کا دورہ کے موقع پر کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر ایسٹ تبریز مری، اے سی فیروزآباد امامہ سولنگی اور دیگر بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔ سعید غنی نے کہا کہ بچت بازار میں اس بات کو یقینی بنایا گیا ہے کہ عوام کو ضروری اشیا کی کم قیمت اور سرکاری نرخوں پر فراہمی یقینی بنایا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ ان سستے بازار میں کئی اشیا کے نرخ کمشنر کراچی کے دیئے گئے نرخوں سے بھی کم جبکہ کئی اشیا کے نرخ لسٹ کے عین مطابق ہیں۔ سعید غنی نے کہا کہ رمضان المبارک میں عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولیات کی فراہمی نہ صرف ہمارا فرض ہے بلکہ بحثیت ایک مسلمان ہم سب کی اولین ذمہ داری ہے اور سندھ حکومت کی جانب سے کراچی میں اس طرح کے 27 سستے بازار بنائے گئے ہیں۔ سعید غنی نے کہا کہ عوام سے بھی گزارش ہے کہ وہ اس طرح کے سستے بازاروں میں جہاں سرکاری نرخوں پر تمام اشیا دستیاب ہیں وہاں سے خریداری کریں اور اگر ایسے بازاروں میں عوام کا رش بڑھتا ہے تو سندھ حکومت نہ صرف لگے ہوئے بازاروں میں اسٹالز میں اضافہ کردے گی بلکہ نئے بازار بھی لگائے گی۔