کراچی(نمائندہ خصوصی )گورنرسندھ کامران خان ٹیسوری نے رمضان المبارک کی پانچویں سحری حسین آباد فوڈ اسٹریٹ پر کی۔اس موقع پر موجود عوام شہر کی مشہور فوڈ اسٹریٹ پر گورنر سندھ کو اپنے درمیان پاکر خوشگوار حیرت میں مبتلا ہوگئے۔ گورنرسندھ نے کہا کہ عوام میں جانے کا مقصد ان کے مسائل سے آگاہی ہے اس ضمن میں عوامی گورنر کے لقب پر فخر محسوس کرتا ہوں۔ انہوں نے مزید کہا کہ رمضان کے تمام دن گورنر ہاﺅس میں افطار کا سلسلہ جاری رہے گا کیونکہ اس وقت عوام مہنگائی سے پریشان ہیں، انتظامیہ بازاروں میں جائے اس ضمن میں وزراءاور اراکین اسمبلی کا بچت بازاروں کا دورہ خوش آئند ہے۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں کا سمجھنا ہے کہ جب عہدے ملتے ہیں تو حکمران عوام سے رابطہ توڑ لیتے ہیں لیکن میں عوام سے ملاقات کے لئے روزانہ کسی نہ کسی فوڈ اسٹریٹ پر جاﺅں گا کیونکہ مجھے عوام سے مل کر ، ان کے درمیان جاکر صحیح معنوں میں خوشی ہوتی ہے۔انہوں نے کہا کہ کراچی ملک کی معیشت کا مرکز ہے اس میں امن و امان کا کوئی مسئلہ نہیں، دو گھنٹے سے روڈ پر موجود ہوں۔انہوں نے کہا کہ بچت ایکسپو 28 مارچ سے 2اپریل تک ایکسپو سینٹر میں منعقد ہوگی۔اس موقع پر موجود لوگوں نے کہاکہ گھٹن اور تناﺅ کے ماحول میں گورنر کو اپنے درمیان پاکر ہم سب خوشی محسوس کررہے ہیں،انہوں نے کہاکہ عوامی گورنر کا لقب کامران خان ٹیسوری پر جچتا ہے۔