راولپنڈی(نیٹ نیوز) سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ امپورٹڈ حکومت مہنگائی کرنے کے باوجود آئی ایم ایف خوش نہیں کرسکی۔سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر پر سابق وفاقی وزیر نے لکھا کہ شہباز شریف کی امپورٹڈ حکومت ملک میں مہنگائی کا سیلاب لانے کے باوجود آئی ایم ایف کو خوش نہیں کرسکی، یہ لوگ ملکی معیشت کو تباہ کرنے آئے تھے۔انہوں نے کہا کہ مہنگائی کے خلاف جماعت اسلامی اور عوامی تحریک کے احتجاج کی حمایت کی اور کہا کہ شہباز حکومت میں لوگ لوڈشیڈنگ اور مہنگائی سے مر رہے ہیں۔شیخ رشید نے لکھا کہ عمران خان کے دورِ حکومت میں غیر ملکی ترسیلات زر اور زرمبادلہ کے انبار لگے تھے تاہم موجودہ حکومت نے سب تباہ کردیا۔گزشتہ روز انہوں نے اپنے ٹوئٹ میں حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ بجٹ پہلے ہی پیٹرول،گیس،بجلی اور گھی کی قیمتوں میں اضافہ ہوگیا ہے، اب تاریخی خسارے کے ساتھ کھاد اور قدرتی گیس پر بھی پیسے بڑھا دیئے ہیں۔