کراچی(نمائندہ خصوصی )سندھ میں پہلے اور دوسرے مرحلے کے بلدیاتی انتخابات میں ووٹنگ روکے جانے والے حلقوں میں دوبارہ پولنگ ہوئی نتائج کے بعد پارٹی پوزیشن جاری کردی گئی ہے۔تفصیلات کے مطابق سندھ میں پہلے اور دوسرے مرحلے کے بلدیاتی انتخابات میں مختلف اضلاع کے ووٹنگ روکے جانے والے حلقوں میں گزشتہ روز دوبارہ پولنگ ہوئی جس کے نتائج کے بعد الیکشن کمیشن نے پارٹی پوزیشن جاری کردی ہے۔الیکشن کمیشن کے مطابق ڈسٹرکٹ ممبر کی 11 نشستوں میں سے 7 پر پیپلز پارٹی کو برتری حاصل ہے جب کہ چیئرمین اور وائس چیئرمین کی 16 نشستوں میں سے 10 پر پیپلز پارٹی کامیاب رہی ہے۔ اسی طرح جنرل ممبر کی 32 نشستوں میں سے 22 پر پی پی پی کے امیدواروں نے فتح حاصل کی ہے۔جاری رپورٹ کے مطابق ری پولنگ میں جی ڈی اے نے ڈسٹرکٹ ممبر کے لیے ایک نشست پر کامیابی حاصل کی جب کہ تحریک انصاف کو چیئرمین اور وائس چیئرمین کی ایک نشست پر فتح ملی ہے۔واضح رہے سندھ کے 15 اضلاع میں پہلے اور دوسرے مرحلے میں مختلف وجوہات کی بنا پر روکی گئی پولنگ والے 24 حلقوں میں گزشتہ روز دوبارہ پولنگ ہوئی تھی۔جن نشستوں پر ری پولنگ ہوئی تھی ان میں چیئرمین، وائس چیئرمین، ممبر ڈسٹرکٹ کونسل اور جنرل ممبرز کی نشستیں شامل تھیں۔دوران پولنگ حیدرآباد سمیت مختلف پولنگ اسٹیشنز پر بدنظمی اور سیاسی کارکنوں کے جھگڑوں کے واقعات بھی پیش آئے تھے۔