سیالکوٹ (نمائندہ خصوصی ) وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے سیلاب کی طرح سارا ملک کرپشن میں ڈوبا ہوا ہے۔نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف کا کہنا تھا پی ڈی ایم جب سے بنی تب سے ہم نے کوئی ایسی بات نہیں کی جوآئین کے خلاف ہو، ہمیں تباہ حال معیشت ملی جسے بہتر کرنے میں وقت لگے گا۔ان کا کہنا تھا کرپشن سے سیلاب کی طرح سارا ملک ڈوبا ہوا ہے، پوری کوشش کر رہے ہیں کہ معیشت اپنے پاوں پر کھڑی ہو جائے اور کرپشن پر قابو پالیں۔رہنما مسلم لیگ ن کا کہنا ہے کہ یہ وہ مافیا ہے جس نے چار سال پاکستان کو لوٹا اور اب احتساب سے بچنا چاہتے ہیں، عمران خان چاہتا ہے دوبارہ اقتدار ملے اور خاندان سمیت کرپشن کرنے کا موقع ملے۔خواجہ آصف کا کہنا تھا عمران خان کا بیانیہ اب نہیں چلتا، سازش کا سفر امریکا سے شروع ہوا جو بعد میں محسن نقوی، آئی جی پنجاب اور آئی جی اسلام آباد پر آ گیا۔مسلم لیگ ن کے قائد کی وطن واپسی سے متعلق سوال پر خواجہ آصف کا کہنا تھا نواز شریف جلد آرہے ہیں لیکن تاریخ نہیں دوں گا، نواز شریف کے واپس آنے کے بعد بہت بہتری ہو گی۔