لاہور(نمائندہ خصوصی) آئل سیکٹر کے ا سٹیک ہولڈرز کا اوگرا کی فارن ایکسچینج نقصانات کے فرق کی پالیسی پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ اوگرا غیر مستحق کمپنیوں کو اس مد میں دی گئی رقم کو فی الفور واپس لے۔آئل سیکٹر کے اسٹیک ہولڈرز نے ان تحفظات کا اظہار 21 مارچ کو ہونے والے ایک اجلاس میں کیا جس میں اوگرا کے اعلی عہدیداران سمیت، آئل مارکیٹنگ ایسوسی ایشن آف پاکستان کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔ اپنے مزید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے چیئرمین آئل مارکیٹنگ ایسوسی ایشن طارق وزیر علی نے چیئرمین اوگرا مسرور خان کے نام ایک خط لکھا جس میں ان کی توجہ تمام سٹیک ہولڈرز کی جانب سے اٹھائے گئے سوالات کی جانب مبذول کرائی۔ چیئرمین طارق وزیر علی نے خط میں نئی ابھرتی ہوئی آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کے ساتھ ہونے والی انصافیوں کا ذمہ دار چیئرمین اوگرا کو ٹھہراتے ہوئے کہا کہ چیئرمین اوگرا مسرور خان کی نئی ابھرتی ہوئی آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کے مسائل کی جانب عدم توجہ کی وجہ سے معاملات خراب ہوئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ نا مناسب معاشی حالات کے باعث پہلے ہی مشکلات کا شکار ان کمپنیوں کے جائز مطالبات کو اوگرا نے نظر انداز کیا جس کی تمام آئل مارکیٹنگ کمپنیوں نے حالیہ اجلاس میں مذمت کی اور ان مسائل کا جلد سے جلد حل نکالنے کا مطالبہ بھی کیا۔ انہوںنے کہا کہ پوری انڈسٹری ماسوائے پی ایس او کے مشکل حالات سے گزر رہی ہے جس کی ذمہ داری صرف اور صرف اوگرا کی ناقص پالیسیاں ہیں۔