کراچی (نمائندہ خصوصی )گورنرسندھ کامران خان ٹیسوری نے رمضان المبارک کی چوتھی سحری اسلم روڈ پر شہر کے قدیم علاقہ میں مشہور نہاری ہاﺅس سے سحری کھائی۔ گورنر سندھ نے کہا کہ عوام میں جانے کا مقصد ان کے مسائل سے آگاہی ہے۔ اس موقع پر وہاں موجود عوام نے اپنی رائے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ گھٹن کے اس تناﺅ میں گورنر کو اپنے درمیان پاکر خوشی محسوس کرتے ہیں۔ کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ عوامی گورنر کے لقب پر فخر ہے، رمضان میں تمام دن گورنر ہاﺅس میں افطار کا سلسلہ جاری رہے گا۔ گورنر سندھ نے کہا کہ عوام مہنگائی سے پریشان ہیں، انتظامیہ بازاروں میں جائے اور ریٹ لسٹ کے مطابق اشیاءکی فروخت کو یقینی بنایا جائے۔ گورنر سندھ مزید کہا کہ لوگوں کا سمجھنا ہے کہ جب عہدے ملتے ہیں تو حکمران عوام سے رابطہ توڑ لیتے ہیں، انہوں نے کہا کہ عوام سے ملاقات کے لئے روزانہ کسی نہ کسی فوڈ اسٹریٹ پر جاﺅں گا، کیونکہ عوام سے مل کر ، ان کے درمیان جاکر صحیح معنوں میں خوشی ہوتی ہے۔کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ کراچی معیشت کا شہر ہے اس میں امن و امان کا کوئی مسئلہ نہیں ، انہوں نے کہا کہ بچت ایکسپو 28 مارچ سے 2اپریل تک ایکسپو سینٹر میں منعقد ہوگی۔