کراچی(نمائندہ خصوصی) سندھ حکومت کے ترجمان و مشیر قانون سندھ بیرسٹر مرتضی وہاب نے ضلع جنوبی اور ضلع کیماڑی کے مختلف علاقوں کا گزشتہ روز دورہ کیا اور اشیائے خوردونوش کی قیمتیں معلوم کیں، زائد قیمتوں پر اشیا فروخت کرنے اور پرائس لسٹ نہ رکھنے والے دکانداروں پر جرمانوں کی ہدایت کی۔ کمشنر کراچی، ڈپٹی کمشنر ضلع جنوبی , ڈپٹی کمشنر کیماڑی اور دیگر افسران انکے ہمراہ تھے بیرسٹر مرتضی وہاب نے مختلف علاقوں میں اشیائے خوردونوش کی قیمتیں چیک کیں زائد قیمت پر اشیا فروخت کرنے والوں کو موقع پر جرمانے اور فی الفور گرفتاری کی کارروائی اور تنبیہ کی۔ بیرسٹر مرتضی وہاب نے ضلع جنوبی لیاری بچت بازار بھٹائی ہال اور ملحقہ علاقوں کا دورہ کیا ضلع کیماڑی کے دورے کے دوران پاک کالونی اور بسم اللہ ہوٹل مارکیٹ کا بھی دورہ کیا اور زائد قیمت پر فروخت کرنے والوں کے خلاف کارروائی کے موقع پر احکامات جاری کئے۔بیرسٹر مرتضی وہاب نے اشیا کی قیمتوں کے حوالے سے شہریوں سے بھی بات چیت کی اور کہا کہ زائد قیمت پر اشیا فروخت کرنے والوں کی متلعقہ حکام کو شکایت کریں۔بیرسٹر مرتضی وہاب کی شہریوں کو ہدایت کی وہ منافع خوروں کے خلاف سندھ حکومت کی مہم میں تعاون کریں۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت منافع خوروں کے خلاف کارروائی کریگی مقررہ سرکاری نرخوں پر اشیا کی فروخت کو یقینی بنایا جائے دکاندار ماہ رمضان میں غریب عوام کو ریلیف فراہم کرنے میں حکومت کے ساتھ تعاون کریں۔