لاہور(نمائندہ خصوصی ) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما و وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ اقتدار کے لیے فاشسٹ عمران خان شیاطین سے بھی اتحاد کر لیتے ہیں،دشمنوں کے ہاتھوں میں کھیلنے والے کو کپتانی واپس نہیں ملے گی۔سوشل میڈیا اکاﺅنٹ پر جاری اپنے بیان میں خواجہ سعد رفیق نے لکھا ہے کہ 2018 میں عمرانی حکومت مسلط نہ کی جاتی تو پاکستان دنیا کی ابھرتی معیشت بن گیا ہو تا، تمہاری 4 سال کی حکمرانی نے معاشی بنیادیں ہلا دیں۔تمہاری 4 سال کی حکمرانی سے ملکی سالمیت کو شدید خطرات لاحق ہو گئے، عمران حکومت نے اپنی نالائقی سے پاکستانیوں کو غیر ملکی قرضوں کے ریکارڈ بوجھ تلے دبا دیا۔انہوںنے کہا کہ اسٹیبلشمنٹ کے سابقہ منظور نظر عمران خان اب اینٹی پاکستان طاقتوں کے لیے بطور مہرہ استعمال ہو رہے ہیں۔پی ٹی آئی کی خفیہ فارن فنڈنگ پاکستان کے قومی مفادات کے خلاف استعمال ہو رہی ہے، شخصی اقتدار کے لیے عمران خان پاکستانیوں کو ابدی غلامی کی زنجیریں پہنانا چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں گمراہی اور نفرت پھیلانے کے لیے فارن فنڈنگ کے بل پر زہریلا پراپیگنڈا پھیلایا گیا۔دشمنوں کے ہاتھوں میں کھیلنے والے کو کپتانی واپس نہیں ملے گی، سلیکٹڈ کا جھٹکا ہوا تو الیکٹڈ کی یاد آئی۔سعد رفیق نے مزید لکھا کہ چیخنا چلانا قلابازیاں لگانا کچھ کام نہیں آئے گا، ظلم، جھوٹ، سازش، لوٹ مار کا حساب دئیے بغیر جان نہیں چھوٹے گی، فارن فنڈڈ فتنے کا راستہ روکا جائے گا۔