کوئٹہ(نمائندہ خصوصی) کوئٹہ کی عدالت نے سابق وزیراعظم اور چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کے بھانجے اور فوکل پرسن حسان نیازی کی ضمانت منظور کرلی۔پی ٹی آئی رہنما حسان نیازی کو جوڈیشل میجسٹریٹ جمیل احمد کے روبرو پیش کیا گیا، دوران سماعت پولیس کی جانب سے حسان نیازی کے 5 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی جسے عدالت نے مسترد کردیا۔حسان نیاز نے جوڈیشل میجسٹریٹ کے روبرو بیان دیا کہ ’میرا قصور یہ ہے کہ میں عمران خان کا لیگل ایڈوائزر ہوں،بعدازاں عدالت نے ایک لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض حسان نیازی کی ضمانت منظور کر لی۔ پی ٹی آئی رہنما حسان خان نیازی کو 20 مارچ کو گرفتار کرلیا گیا تھا، ا±ن کے خلاف کار سرکار میں مداخلت اور اسلحہ دکھانے کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا، مقدمہ تھانہ رمنا میں اے ایس آئی خوبان شاہ کی مدعیت میں درج کیا گیا تھا۔ایف آئی آر کے متن کے مطابق انہوں گاڑی کو روکنے کی کوشش کی لیکن ڈرائیور نے پولیس اہلکاروں کے اوپر گاڑی چھڑائی، حسان نیازی نے جان سے مارنے کی دھمکیاں دی، حسان نیازی کے ساتھ دوسرے شخص نے اسلحہ نکالا، دوسرا شخص گاڑی نکال کر فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا، دوران مزاحمت حسان نیازی کو پولیس نے گرفتار کر لیا۔ گزشتہ روز 24 مارچ کو اسلام آباد کی مقامی عدالت نے حسان نیازی کو ایک روزہ راہداری ریمانڈ پر کوئٹہ پولیس کے حوالے کر دیا تھا اور 25مارچ کو حسان نیازی کو دوبارہ عدالت میں پیش کیا گیا جہاں عدالت نے ان کی ضمانت منظور کی ۔