لاہور(نمائندہ خصوصی) پولیس پر تشدد، اقدام قتل، جلاو گھیراو کرنے اور کارِ سرکار میں مداخلت کے کیس میں پی ٹی آئی رہنماوں فواد چودھری، حماد اظہر، فرخ حبیب کی عبوری ضمانتیں عدم پیروی پر خارج کر دی گئیں۔لاہور کی انسداد دہشتگردی عدالت میں پی ٹی آئی کی ریلی کے وقت پولیس تشدد، اقدام قتل اور کارِ سرکار میں مداخلت سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔فواد چودھری، حماد اظہر اور فرخ حبیب عدالت پیش نہ ہوئے جس پر عدالت نے پی ٹی آئی رہنماوں کی عبوری ضمانتیں عدم پر پیروی پر خارج کر دیں۔دوسری جانب پی ٹی آئی رہنما محمود الرشید اور اعجاز چودھری انسداد دہشتگردی عدالت میں پیش ہوئے، عدالت نے دونوں رہنماﺅں کو حاضری لگانے کے بعد جانے کی اجازت دیتے ہوئے عبوری ضمانت میں 4 اپریل تک توسیع کر دی۔ادھر زمان پارک ہنگامہ آرائی کیس میں تحریک انصاف کے 93 کارکنان کے ضمانتی مچلکے جمع کروا دیئے گئے۔ عدالت نے 50، 50 ہزار کے ضمانتی مچلکے جمع کروائے جانے پر کارکنان کی رہائی کا روبکار جاری کر دیا۔