پاکپتن (نمائندہ خصوصی) پاکپتن کے نواحی گاﺅں بڑی راکھ میں سنگدل بیٹے نے جائےداد کے تنازع پر فائرنگ کر کے ماں ، بھائیوں اور بھابھی سمیت 7 افرادکو موت کے گھاٹ اتاردیا ۔ پولیس کے مطابق انتہائی دل دہلادینے والا واقعہ پاکپتن کے نواحی گاﺅں بڑی راکھ میں پیش آیا ہے جہاں جائیداد کا تنازعہ سات افراد کی جان لے گیا۔ ملزمان نے سحری کے وقت بھائی کے گھر میں گھس کر فائرنگ کرتے ہوئے ماں ، بھابھی اوراس کے تین بچوں کو قتل کردیا، فائرنگ سے ایک سات سالہ بچی شدید زخمی ہوئی ہے۔ملزمان نے دو بھائیوں کو کھیت میں فائرنگ کرکے قتل کیا ، قتل ہونے والوں میں ماں ، بھائی شیر باز اور افتخار اسکی بیوی ، دو بیٹے اور بیٹی شامل ہیں۔قتل کی اندوہناک واردات کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری اور فرانزک کی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئی ، پولیس کی جانب سے زخمی بچی کو طبی امداد کیلئے اسپتال منتقل کردیا گیا جہاں بچی کی حالت تشویش ناک بتائی جا رہی ہے۔پولیس نے مقتولین کی نعشوں کو پوسٹمارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کردیا ہے جبکہ ملزمان موقع سے فرار ہو گئے ہیں ۔پولیس نے ملزمان کی گرفتاری کےلئے ٹیمیں تشکیل دیکر ان کیخلاف کارروائی کا بھی آغاز کردیا ہے۔