لاہور(بیورو رپورٹ) تھانہ سندر کے علاقہ ملتان روڈ سکھ چین سوسائٹی کے گیٹ کے سامنے گزشتہ روذ چار نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے لاہور گارڈن سوسائٹی کے مالک شیخ طارق اور ان کے بیٹے مزمل مصطفٰی کو کلاشنکوفوں سے فائرنگ کر کے دن دیہاڑے گولیوں سے چھلنی کر دیا تھا اور فرار ہو گئے تھے جس پر پولیس نے لاشوں کو قبضہ میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لئے بھجوا دیا اور تفتیش کا آغاز کیا فائرنگ کے اس دل دہلا دینے والے واقعہ کے بعد ایس ایس پی انوسٹی گیشن عمران کشور، ایس پی انوسٹی گیشن صدر اور اے ایس پی رائیونڈ نے موقع پر پہنچ کر وقوعہ کی جگہ کا معائنہ بھی کیا جس کے بعد اس کا مقدمہ درج کر لیا گیا مدعی فیصل صادق کے مطابق وہ ایک اور گاڑی میں اپنے بڑے بھائی کی لینڈ کروزر کے پیچھے ہی آ رہا تھا
کہ چار موٹر سائیکلوں پر سوار افضال، منظور، الیاس اور عبدالفاروق نے اپنی اپنی مسلح کلاشنکوفوں سے شیخ طارق اور مزمل مصطفی کی لینڈ کروزر پر چاروں اطراف سے فائرنگ کی جس سے وہ موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے مدعی فیصل صادق کے مطابق ان ملزمان نے شیخ عدنان یوسف،میاں رمضان اور انور بیگ نامی افراد سے ہم مشورہ ہو کر اس کے بھائی اور بھتیجے کو قتل کیا ہے قتل کی اس لرزہ خیز واردات سے عام شہری اپنے آپ کو جرائم پیشہ اور شوٹروں سے غیر محفوظ تصور کر رہے ہیں جو ملتان روڈ جیسی شاہراہ پر موٹر سائیکلوں پر کلاشنکوف کے ساتھ دندناتے پھرتے ہیں اور تاجر برادری خوف کا شکار ہے