لندن(نیٹ نیوز )برطانیہ کے بادشاہ چارلس(سوم) نے یومِ پاکستان پر خصوصی پیغام جاری کیا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق شاہ چارلس نے اپنے خصوصی پیغام میں صدر عارف علوی اور پاکستانی قوم کو یوم پاکستان کی مبارکباد دی ہے۔برطانوی بادشاہ نے بیان میں کہا کہ برطانیہ اور پاکستان کے گرم جوش دوستانہ تعلقات اور مضبوط پارٹنر شپ کا خواہاں ہوں، 2006 کے دورہ پاکستان کے دوران عوام کی مہمان نوازی آج بھی یادوں کا حصہ ہے۔ شاہ چارلس کا کہنا تھا کہ گزشتہ برس کے سیلاب کے بعد عوام کی تعمیر نو کیلئے کاوشوں کا معترف ہوں،ماحولیاتی تبدیلی، امن، ترقی اور جمہوریت کیلئے مل کر کام کرنے کی پہلے سے زیادہ ضرورت ہے۔واضح رہے کہ گزشتہ روز 23 مارچ قراردادِ پاکستان پیش کیے جانے کے 83 سال مکمل ہونے پر ملک بھر میں ترقی، خوشحالی اور ملک کے مضبوط دفاع کو یقینی بنانے کے عزم کے ساتھ یوم پاکستان بھرپور ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا۔