کراچی ( نمائندہ خصوصی) محکمہ ٹرانسپورٹ سندھ نے ماہ رمضان میں مزید نئے روٹس پر پیپلز الیکٹرک بس سروس چلانے کا فیصلہ کرلیا ، فیصلہ صوبائی وزیر اطلاعات و ٹرانسپورٹ شرجیل انعام میمن کی زیر صدارت پبلک ٹرانسپورٹ پروجیکٹس سے متعلق اہم اجلاس میں کیا گیا۔ شرجیل انعام میمن نے کہا کہ محکمہ ٹرانسپورٹ کے تحت مزید نئی الیکٹرک بسیں لائی جا رہی ہیں ، ۔ اجلاس میں پیپلز بس سروس ، بی آر ٹی ریڈ لائن ، اورینج لائن اور یلو لائن پروجیکٹس کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا ۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے سخت ہدایت دی ہیں کہ کراچی کے ترقیاتی منصوبوں کو جلد از جلد مکمل کیا جائے، چیئرمین بلاول بھٹوزرداری زرداری نے ایک ہفتہ میں کورنگی میں شہید ذوالفقار علی بھٹو انسٹیٹیوٹ آف کارڈیو ویسکیلولر ڈزیز اور جوہر چورنگی پر فلائی اوور کے منصوبوں کا افتتاح کیا ہے ، انہوں نے کہا کہ کراچی کے عوام نے پاکستان پیپلز پارٹی کو بلدیاتی انتخابات میں بھاری مینڈیٹ دیا ہے ، ان کی توقعات پر پورا اترنا ہماری ترجیح ہے ، شرجیل انعام میمن نے کہا کہ پبلک ٹرانسپورٹ کے شعبہ میں عالمی بینک کے تعاون سے یلو لائن پروجیکٹ پر جلد کام کا آغاز کرنے جا رہے ہیں ، انہوں نے محکمہ ٹرانسپورٹ کو ہدایت دی کہ یلو لائن پروجیکٹ کے تحت نئے بننے والے جام صادق پل کا ٹینڈر 2 مئی تک ایوارڈ کر دیا جائے ، اس میں تاخیر کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی ، انہوں نے کہا کہ یلو لائن پروجیکٹ کے بس ڈیپو کی تعمیر کے مسائل بھی حل کئے جائیں تاکہ ان کی تعمیر کا آغاز ہوسکے ، صوبائی وزیر کی بی آر ٹی ریڈلائین سے متعلق کام کی رفتار پر ہفتہ کی بنیاد پر رپورٹ طلب کرلی ، انہوں نے کہا کہ شہریوں کو سخت مشکلات کا سامنا ہے ، سندھ حکومت بی آر ٹی ریڈ لائن پروجیکٹ جلد از جلد مکمل کرنا چاہتی ہے ، یہ پروجیکٹ کراچی کے پبلک ٹرانسپورٹ انفراسٹرکچر کی بہتری کا سب اہم پروجیکٹ ہے ، انہوں نے کہا کہ بی آر ٹی ریڈ لائن پروجیکٹ کے کانٹریکٹرز کو رواں ہفتہ 400 ملین روپے کی ادائیگیاں کردی ہیں ، پروجیکٹ کی لاٹ ون اور لاٹ ٹو پر 24 گھنٹے دو شفٹوں میں کام یقینی بنایا جائے۔