لاہور (نمائندہ خصوصی ) پاکستان تحریک انصاف آج( ہفتہ ) مینار پاکستان پر اپنی سیاسی طاقت کا مظاہرہ کرے گی ، شدید بارش کی وجہ سے منتظمین کو جلسے کی تیاریوں میں مشکلات کا سامنا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی جانب سے 25مارچ ( ہفتہ ) کے روز مینار پاکستان پر جلسے کا اعلان کیا گیا تھا جس کی تیاریاں جاری ہیں ۔ اس سلسلہ میں مرکزی رہنماﺅں کو الگ الگ ذمہ داریاں تفویض کی گئی ہیں ۔ تحریک انصاف کے ترجمان کے مطابق جلسہ رات 9بجے کے بعد شروع ہوگا جو سحری تک جاری رہے گا ۔ جلسے سے مرکزی رہنما خطابات کریں گے جبکہ پارٹی چیئرمین عمران خان کاسب سے آخر میں کلیدی خطاب ہوگا ۔ تحریک انصاف کے رہنماﺅں کے مطابق شدید بارش کی وجہ سے تیاریوں میں مشکلات کا سامنا ہے لیکن ہم جلسے کے انتظامات کو مکمل کرنے کے لئے پر عزم ہیں اور ہمیں یقین ہے کہ تحریک انصاف ماضی کے اپنے تمام جلسوں کے ریکارڈ توڑے گی ۔ دوسری جانب تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے مینار پاکستان کے جلسے کے حوالے سے ویڈیو بیان بھی جاری کیا جس میں انہوںنے کہا کہ 25مارچ ہفتے کی شا م کونو بجے کے بعد مینار پاکستان میں اس سال کا پہلا جلسہ کر رہا ہوں ۔ یہ جلسہ میں اس لئے کر رہا ہوں کہ میں اپنی ساری قوم کو تیار کرنا چاہتا ہوں کیونکہ جس نازک موڑ پر آج پاکستان کھڑا ہے مجھے آپ سب کی ضرورت ہے ۔ میں آپ سب کو بتاﺅں گا کہ ہم نے اپنے آئین ، قانون اور عدلیہ کے ساتھ کھڑا ہونا ہے ۔ میں آپ کو بتاﺅں گا اس امپورٹڈ چوروں کی حکومت نے ملک کو جس دلدل میں دھکیل دیا ہے ہم نے اب پاکستان کو کیسے اس مشکل وقت سے نکالنا ہے ۔