کراچی(نمائندہ خصوصی) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین اور وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری نے گلستانِ جوہر میں حکومتِ سندھ کی جانب سے تعمیر کردہ فلائی اور برج کا افتتاح کردیا ہے۔ پی پی پی چیئرمین نے تختی کی نقاب کشائی کرکے جوہر موڑ اور موسمیات کے درمیان ٹریفک کی بے خلل روانی کے لیے جوہر چورنگی پر تعمیر کیے گئے پل کا باضابطہ افتتاح کیا اور دعا کی۔ فلائی اوور کو ملک کے معروف فنکار ضیا محی الدین کے نام سے منسوب کیا گیا ہے۔ اس موقعے پر وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ اور وزیربلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ نے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو منصوبے کے متعلق بریفنگ دی۔ جوہر چورنگی پر تعمیر ہونے والے اس پل کے تعمیراتی کام کو پانچ ماہ کی مختصر عرصے میں مکمل کیا گیا ہے۔ جوہر چورنگی پر پل کی تعمیر سے آٹھ طرفہ ٹریفک کے دبا میں کمی واقع ہوگی۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو سمامہ اور پہلوان گوٹھ کے درمیان بھی بے خلل ٹریفک کی روانی کو یقینی بنانے کے لیے جوہر چورنگی ہی کے مقام پر زیرتعمیر انڈرپاس کے حوالے سے بھی بریفنگ دی گئی۔ اس موقعے پر پی پی پی سندھ کے صدر نثار احمد کھڑو، صوبائی وزرا، ارکان اسمبلی اور پارٹی رہنما بھی موجود تھے۔ دریں اثنا، چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی آمد کے موقعے پر اہلِ علاقہ اور پارٹی کارکنان بڑی تعداد میں جمع ہوگئے۔ جیالوں نے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی گاڑی پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں اور جیئے بھٹو، زندہ ہے بی بی زندہ ہے اور وزیراعظم بلاول کے نعرے لگائے۔